پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے محرم ا لحرام کے آغاز کے موقع پر اپنے بیان میں تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ سے بھائی چارے،مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران امن او ریگانگت کی فضا برقرار رکھنے کے لیے علما کرام و مشائخ عظام کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا جنہوں نے ہمیشہ ملک وقوم کی رہنمائی کی ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کہ موجودہ حالات کی نزاکت کے پیش نظر بھی علما کرام و مشائخ عظام ہمیشہ کی طرح یگانگت، یکجہتی او ربھائی چارے کو فروغ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج وطن عزیز کو ہر محاذ پر چیلنجز کا سامنا ہے اور ہمیں بحیثیت قوم اتحاد او راتفاق کی رسی کو پکڑ کر ان چیلنجز سے نمٹنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز کی مٹی ہم سے تقاضا کرتی ہے کہ ذاتی مفادات اور گروہی اختلافات بھلا کر ایک ہوجائیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ محرم الحرام ہمیں قربانی اور حق سچ پر کھڑے رہنے کا درس دیتا ہے اور اس مقدس ماہ کے آغاز پر ان کا پیغام ہے کہ ہماری نجات اسوہ حسنہ ؐ اور فلسفہ حسینؓ پر عمل پیرا ہونے میں ہی ہے۔
انہوں نے ہم وطنوں پر زور دیا کہ ہمیں باہمی اتحاد اور ہم آہنگی کے ذریعے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے ہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہنا تھا کہ نواسہ رسولؐ نے اپنے کردار اورعمل سے حق کی آواز کو بلند کرنا اورانسانی اقدار کاتحفظ سکھایا اور آپ کی جدوجہد ظلم کے خلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے۔