آئی ٹی برآمدات 20 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں، وزیراعظم کا سیمینار سے خطاب

جمعرات 20 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) برآمدات کو 20 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتی ہے اور ان برآمدات کے فروغ کے لیے نوجوانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔

جمعرات کو نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سیمینار اور آئی ٹی منصوبوں کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی شہباز شریف نے کہا کہ آئی ٹی سمیت دیگر برآمدات کے سلسلے میں سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس میں کسی صورت بھی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

سیمینار میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ معاشی بحالی کے قومی منصوبوں کو تمام فریقوں کی حمایت حاصل ہے جس کے لیے حکومت برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ملک کے ذہین نوجوان باہمت اور محنتی ہیں اور انہوں نے فری لانسر، اسٹارٹ اپس سمیت دیگر کاروبار کے ذریعے ترقی کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور یہ سہولیات کی عدم فراہمی، طریقہ کار میں مشکلات اور پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت کے اداروں کی کمی کے باوجود مختلف شعبوں میں بہترین پیشہ وارانہ خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان آئی ٹی میں دنیا کے تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں شامل ہے اور حکومت نوجوانوں کو سہولیات کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی منصوبوں پر عملدرآمد سے ملک کو خوشحال بنائیں گے، ہم نے ایس آئی ایف سی کے ذریعے آگے بڑھنے کی سمت کا تعین کر لیا ہے اور اس حکمت عملی میں وفاقی حکومت اور تمام صوبائی حکومتیں شامل ہیں۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور دفاعی پروڈکشن کے شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی اور برآمدات کو فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ خلیجی ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں اگر وہ یہاں سرمایہ کاری کریں گے تو یہ ان کے لیے بھی سودمند ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان جلد قرضوں سے چھٹکارا حاصل کر لے گا اور ہم انتھک محنت سے اسے اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے اور اس فریم ورک کے تحت کاروباری افراد کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سبز انقلاب سے ملک میں انقلاب آئے گا اور ہم متحد ہو کر آگے بڑھیں گے اور تاریخ بدل دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4  سال کے دوران سوشل میڈیا کے ذریعے الزام تراشی کرکے وقت ضائع کیا گیا لیکن اب ہمیں ماضی کو بھول کر کامیابی کے لیے آگے بڑھنا ہو گا کیوں کہ یہ ہمارے لیے سنہری موقع ہے۔

اس موقع پر مقامی اور غیرملکی آئی ٹی کمپنیوں اور تعلیمی اداروں کے ماہرین نے ایس آئی ایف سی پلیٹ فارم کے ذریعے کوششوں کو یکجا کرکے آئی ٹی کے شعبہ میں انقلاب برپا کرنے کے لیے حکومت کے پرخلوص تعاون کو سراہا۔

شرکا نے اس اہم شعبے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے قومی معیشت کو فروغ دینے میں عسکری ماہرین کے کردار اور کاوشوں کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے پاکستان کی بڑی آئی ٹی کمپنیوں کے جانب سے لگائے گئے بوتھس کا دورہ بھی کیا اور انہوں نے ٹیک ڈیسٹی نیشن پاکستان، ٹیک لفٹ بوٹ کیمپ، فرسٹ نالج پارک فار وومن باغ (آزاد جموں و کشمیر)، ایگری ٹیک انکیوبیٹر فیصل آباد اور سینٹر آف ایکسیلنس ان گیمنگ اینڈ اینی میشن کا افتتاح کیا۔ آئی ٹی سیمینار خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے قیام کے بعد نیشنل آئی ٹی سیکٹر کی ترقی اور ڈیجیٹلائزیشن کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے کیا جا رہا ہے۔ یہ سیمینار تمام اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں کو ہم آہنگ کرے گا۔

سیمینار میں منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، خزانہ، دفاع، دفاعی پیداوار، سرمایہ کاری بورڈ، خارجہ امور، انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن، اطلاعات و نشریات کے وزرا جب کہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے وزراء اعلیٰ، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو، آئی ٹی ماہرین، سینئر آرمی و سول افسران نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں خلیجی ممالک، چین اور یورپی یونین سے سرمایہ کار اور غیر ملکی سفارتکار بھی شریک تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp