پاکستان الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق سرکاری خرچ پر کوئی امیدوار یا جماعت تشہیری مہم نہیں چلا سکے گی اور نہ ہی کسی سرکاری عہدیدار کی تصاویر انتخابی مہم میں استعمال ہوں گی۔ عوامی مقامات اور سرکاری عمارتوں پر پارٹی جھنڈے لگانے پر بھی پابندی ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم کے لیے پمفلٹ اور پورٹریٹ سائزبھی مقررکردیا ہے جبکہ وال چاکنگ، پینا فلیکس، بل بورڈز پر مکمل پابندی ہوگی۔ جہاں تک پمفلٹ اور بینرزکا تعلق ہے اس پر چھاپنے والے کا نام اور پتہ پرنٹ کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق تفرقہ بازی اور نفرت انگیز تقاریر پر بھی پابندی ہوگی جب کہ مخالف رہنماؤں اور جماعتوں کے پتلے اور جھنڈے بھی نذر آتش نہیں کیے جاسکتے، جلسے جلوس مقامی انتظامیہ کے مختص مقامات پر ہی منعقد ہوسکیں گے، امیدوار ریلی کا روٹ مقامی انتظامیہ کے ساتھ طے کرنے کے پابند ہوں گے۔