پاکستان سری لنکا کو 60 رنز سے شکست دے کر ایمرجنگ ایشیا کرکٹ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا۔ پاکستان ایمرجنگ ایشیا کرکٹ کپ 2019 کا بھی فاتح ہے جو23 جولائی کو 2023 کے ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میچ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں اترے گا۔
سری لنکا میں کھیلے گئے ایمرجنگ ایشیا کرکٹ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اے نے سری لنکا اے کو 60 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
جمعہ کو پہلے سیمی فائنل میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے میزبان ٹیم سری لنکا کو 323 رنز کا بڑا ہدف دیا جس کے تعاقب میں ہوم سائیڈ 45.4 اوورز میں 262 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی طرف سے تیز گیند باز ارشد اقبال 37 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہیں اس بہترین گیند بازی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ پاکستان کی طرف سے مبصر خان اور سفیان مقیم نے بھی 2، 2 وکٹیں حاصل کیں
سری لنکا اے کی جانب سے سہان آراچیگے اور اویشکا فرنینڈو نےزبردست کھیل پیش کرتے ہوئے 97،97 رنز بنائے لیکن ان کی یہ عمدہ بیٹنگ بھی میزبان ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکی۔
پاکستان کی طرف سے پہلے کھیلتے ہوئے عمیر بن یوسف اور کپتان محمد حارث کی نصف سنچریوں نے پاکستان اے کو 322 کے سکور پر پہنچا دیا۔
کھیل کے اختتام پر پاکستان اے کے دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز ارشد اقبال نے کہا کہ ان کا مشن اے سی سی مینز ایمرجنگ ایشیا کپ ٹائٹل کا دفاع کرنا ہے۔
سری لنکا اے کے خلاف سیمی فائنل میں 37 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے ارشد نے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں کیونکہ پاکستان جیت کر پھر سے ٹائٹل حاصل کرنے کے قریب پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں کارکردگی سے مطمئن ہوں کیونکہ میری ٹیم جیت گئی۔ ہم فائنل کوالیفکیشن پر بہت خوش ہیں لیکن مشن ابھی مکمل نہیں ہوا، سب کی نظریں فائنل جیتنے پر لگی ہوئی ہیں۔
ارشد اقبال نے کہا کہ کپتان محمد حارث نے انہیں دیے گئے پلان کے مطابق بولنگ کرنے کو کہا۔ ایک کرکٹر کی حیثیت سے آپ ہر بار سیکھتے ہیں، میں فائنل میں بھی اپنی ٹیم کے لیے پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا۔’ فاسٹ بولر نے اپنا مین آف دی میچ کا ایوارڈ اپنے خاندان کے نام کیا۔
ادھر پاکستان اے ٹیم کے کپتان محمد حارث نے کہا ہے کہ وہ 23 جولائی کو سری لنکا میں جاری مینز ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لیے میدان میں اتریں گے ، خواہش ہے کہ مقابلہ بھارتی ٹیم سے ہو کیوں کہ ہم بھارت کو ہرانا چاہتے ہیں۔
سیمی فائنل کے بعد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حارث نے کہا کہ اگر بھارت کی ٹیم فائنل کے لیے کوالیفائی کرتی ہے تو وہ بھارت اے کو ہرانے کے لیے پر امید ہیں۔
حارث نے کہا، ‘ہر ٹیم ایونٹ جیتنے کے لیے یہاں موجود ہے۔ لیکن ہمارے کھلاڑی فائنل میں بھارت کو ہرانا چاہتے ہیں۔’ انہوں نے مزید کہا کہ ‘ہم دفاعی چیمپئن ہیں لیکن ہماری توجہ موجودہ فائنل پر مرکوز ہے اور ٹائٹل پھر سے جیتنے کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کو اپنے گروپ میچ میں بھارت کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔ سائی سدھرسن نے شاندار سنچری بنا کر بھارت اے کو پاکستان اے کے خلاف 8 وکٹوں سے فتح دلائی تھی۔
50 اوورز میں 206 رنز کے تعاقب میں بھارتی اوپنر بلے باز سدھرسن نے 10 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 104 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی تھی اور آؤٹ بھی نہیں ہوئے تھے۔