جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹو ریویو خارج

جمعہ 21 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال نے حکومت کی جانب سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف دائر درخواستیں خارج کردیں۔

درخواستیں واپس لینے کی بنیاد پر خارج کی گئیں۔ چیف جسٹس پاکستان عمرعطا بندیال نے تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ پاکستان کے قانون میں کیوریٹو ریویو کی کوئی گنجائش نہیں لہٰذا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹو ریویو واپس لینے کی بنیاد پر خارج کی جاتی ہے۔

10 اپریل کو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیو ریٹیو ریویو واپس لینے کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے چیمبر میں ہوئی تھی۔

اٹارنی جنرل منصور اعوان چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے چیمبر میں پیش ہوئے تھے  اور انہوں نے درخواست واپس لینے سے متعلق وفاقی حکومت کے مؤقف سے آگاہ کیا تھا۔ اس سماعت کے دوران درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔

c.m.a._2012_2023_10042023 by A. Khaliq Butt on Scribd

اب سپریم کورٹ نے حکومت کی درخواست منظور کرلی ہے اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس فیصلے پر دوبارہ نظر ثانی کیس کا فیصلہ جاری کردیا۔

13 صفحات پر مشتمل فیصلہ چیف جسٹس عمر عطابندیال نے تحریرکیا۔ چیف جسٹس پاکستان نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف حکومت کی دوبارہ نظرثانی واپس لینے کی درخواست منظور کرلی اور کیوریٹو ریویو واپس لینے کی بنیاد پر درخواست نمٹا دی۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں کیوریٹیو ریویو پٹیشن کے خلاف 18 درخواستیں دائرکی گئیں، اکثریتی فیصلے سے ایف بی آر اور سپریم جوڈیشل کونسل کی جاری ہدایات کالعدم قراردی گئیں، درخواست گزار نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کےخلاف چیمبراپیل دائرکی، حکومت کی جانب سےاٹارنی جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل پیش ہوئے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کو اپنے دیے گئے فیصلوں پرنظرثانی یا انہیں کالعدم قرار دینے کا اختیار ہے، سپریم کورٹ کو یہ اختیار 184 تھری کےتحت ازخود نوٹس لےکر آرٹیکل187 اور 188 کے تحت حاصل ہے لیکن جسٹس فائز عیسیٰ کے معاملے میں عدالت نے یہ اختیارسماعت استعمال نہیں کیا۔

فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ چاہے تو وہ ماضی کے کسی بھی فیصلے کو کالعدم قرار دے سکتی ہے۔

یاد رہے کہ موجودہ حکومت نے جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹو ریویو واپس لینے کی درخواست دی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp