نگران حکومت سے قبل 9 مئی کے مجرمان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے، چوہدری نورالحسن تنویر

ہفتہ 22 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چوہدری نورالحسن تنویر مسلم لیگ نواز ( پی ایم ایل این) بہاولپور ڈویژن کے صدر ہیں اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت مسلم لیگ ن اوورسیز پاکستانیز فورم کے جنرل سیکریٹری بھی ہیں۔

چوہدری نورالحسن تنویر نے 2018 کے عام انتخابات میں بہاولپور سے جنرل ضیاءالحق مرحوم کے صاحبزادے اعجازالحق کے مد مقابل الیکشن لڑا اور 24 ہزار ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

’گرین چینل‘ کا اجرا نواز شریف کا بڑا کارنامہ تھا

چوہدری نورالحسن تنویر نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے لیے نواز شریف کا قائم کیا گیا ’گرین چینل ‘ بہت بڑا کارنامہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’ سعودی عرب، قطر، بحرین اور متحدہ امارات سے آنے والے اوور سیزپاکستانیوں اور مزدوروں کے ساتھ ایئرپورٹس پر بہت ناروا سلوک کیا جاتا تھا، ان کے بیگ کھلوائے جاتے تھے، جن میں سے کئی اشیا ہتھیالی جاتی تھیں، حیلے بہانوں سے تنگ کرکے پیسے مانگے جاتے تھے، کئی برس بعد وطن لوٹنے والے مزدور ائیرپورٹس پر ہی لوٹ لیے جاتے تھے۔

میاں نواز شریف نے اس ناروا سلوک کا سخت نوٹس لیا اور ’گرین چینل‘ بنانے کا حکم دیا کہ خلیجی ممالک سے آنے والے اوورسیز پاکستانیوں اور مزدوروں کو بنا چیک کیے ’گرین چینل‘ سے گزارا جائے گا۔ یہ محنت کشوں کے لیے بہت بڑی سہولت تھی۔

بیرون ملک عمران خان مقبول لیڈر نہیں

چوہدری نورالحسن تنویرنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ بات قطعی غلط ہے کہ بیرون ملک عمران خان سب سے مقبول لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو صرف اوورسیز پاکستانیز فورم ہی استعمال کرنا چاہییے۔

ہم نے نواز شریف دور حکومت میں بھی یونائٹڈ اوورسیز پاکستانیز فورم قائم کیا اور سب کو اکٹھا کیا کیونکہ آپ کا تعلق چاہےکسی بھی سیاسی جماعت سے ہو بیرون ملک آپ صرف پاکستانی ہی ہوتے ہیں۔مسلم لیگ ن اوورسیز فورم تحریک انصاف کی نقل نہیں بلکہ اس کا توڑ ہے۔

اوورسیز پاکستانیز کے ووٹ کے حق کے خلاف نہیں مگر؟

چوہدری نورالحسن نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ بیشتر خلیجی ممالک میں بادشاہت ہے، وہاں ووٹنگ نہیں ہوتی، پھر ایسے میں ان ممالک میں مقیم 55 لاکھ سے زیادہ پاکستانی کس طرح اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکتے ہیں؟۔

ادھر پاکستان میں کئی انتخابی حلقے ہیں، اوورسیز پاکستانی کیسے بیرون ملک اپنے ہر حلقے کے لیے ووٹ ڈال سکتے ہیں؟۔

انہوں نے کہا کہ ’فری اینڈ فیئر نیٹ ورک(فافن ) کی رپورٹ کے مطابق 2018 کے انتخابات میں ’آر ٹی ایس‘ کے ذریعے 17 لاکھ ووٹوں میں ہیرا پھیری کرکے مسلم لیگ ن کی 41 نششتوں پر دھاندلی کی گئی اسی طرح اوورسیز کے ووٹ کو استعمال کرکے 82 نشستوں پر ہیرا پھیری کا پروگرام بنایا گیا تھا۔

عمران خان کی ملک دشمنی سب کے سامنے آ گئی

چوہدری نورالحسن نے کہا کہ خلیجی ممالک میں مقیم عام پاکستانی عمران خان کو پسند نہیں کرتے بلکہ اب تو امریکا اور یورپین ممالک میں بھی ان کی پذیرائی نہ ہونے کے برابر ہے تاہم برطانیہ میں کچھ لوگ ان کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد اب تو عمران خان کا ذکر ہی نہیں کیا جانا چاہیے۔ ان واقعات کے بعد عمران خان کی ملک دشمنی اور خود پسندی سب کے سامنے آ گئی ہے۔

تحریک انصاف والے 9 مئی کے بعد ’بندے کے پتر‘ بن گئے ہیں

چوہدری نورالحسن کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے لوگوں نے سوشل میڈیا خصوصاً ٹوئٹر پر بدتہذیبی، بدتمیزی اور بدکلامی کا بازار گرم کر رکھا تھا، اب شاید انہیں عقل آ گئی ہے۔ بات ریاست مدینہ کی کرتے تھے اور اعمال سارے برعکس تھے۔ 9 مئی سے پہلے پی ٹی آئی والے ٹوئٹر پر گالیاں دیتے تھے اب ’بندے کے پتر‘ بن گئے ہیں۔

ن لیگ میں فیصلہ سازی متفقہ طور پر کی جاتی ہے

چوہدری نورالحسن نے مسلم لیگ ن میں اختلافِ رائے پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’جب تک روئے زمین پر آخری 2 انسان بھی موجود ہیں تو ان کے درمیان بھی اختلاف رائے ہو سکتا ہے پھر سیاسی جماعتوں میں تو یہ جمہوریت کا حسن تصّور کیا جاتا ہے۔

مسلم لیگ ن میں بھی لوگوں کی اپنی اپنی رائے ہوتی ہے جس کا احترام کیا جاتا ہے لیکن جب بھی کوئی فیصلہ کیا جاتا ہے تو اسے اکثریتی رائے کے احترام میں متفقہ فیصلہ ہی تصّور کیا جاتا ہے۔

نوازشریف چوتھی بار پاکستان کے وزیراعظم بنیں گے

چوہدری نور الحسن نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف چوتھی بار پاکستان کے وزیراعظم بنیں گے اور ملک و قوم کو پھر سے ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ شہباز شریف، مریم نواز اور ساری قیادت اپنے قائد میاں نواز شریف کے ساتھ ہے، ہم سب کا عزم اس ملک کی مل کر خدمت کرنا ہے۔

مریم نواز پنجاب سنبھالیں گی یا وفاق فیصلہ قیادت کرے گی

چوہدری نورالحسن نے مریم نواز سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مریم نواز پنجاب سنبھالیں گی یا وفاق فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مریم نواز جو بھی کردار ادا کریں گی اس میں وہ کامیاب ہوں گی وہ اب بھی بھرپور صیلاحیتوں اور دانشمندی سے پارٹی کو مضبوط کر رہی ہیں۔ مریم نواز کی سیاسی معاملات پر گہری نظر ہے وہ پارٹی کی تنظیم نو کو نچلی سطح سے منظم کرنے میں مصروف عمل ہیں۔

نگران حکومت سے قبل 9 مئی کے مجرمان کے خلاف کارروائی کی جائے

چوہدری نورالحسن نے آخر میں مطالبہ کیا کہ ملک میں نگران وزیراعظم ایسا ہو جس پر کوئی انگلی نہ اٹھائے اور وہ منصفانہ اور شفاف انتخابات کرائے لیکن اس سے پہلے ضرروری ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث مجرمان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں، پھر ملک میں صاف و شفاف انتخابات کرائے جائیں، سب کو کھلا میدان دیا جائے اور پھر جو جیتے وہ حکومت سنبھالے۔

اسحاق ڈار معیشت کی بہتری کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں

چوہدری انوار الحسن نے مزید کہا کہ اتحادی حکومت کو تباہ حال معیشت ورثے میں ملی، عمران خان کے ’ارسطو‘ اسد عمر، حفیظ شیخ اور شوکت ترین تباہی و بربادی کرکے بارودی سرنگیں بچھا کر گئے۔

اس کے باوجود اسحاق ڈار شبانہ روز ملکی معیشت کی بہتری کے لیے سرگرم ہیں، وزارت خزانہ پاکستان کی واحد وزارت ہے جو رات گئے تک کام کر رہی ہوتی ہے۔ میں بھی اسحاق ڈار سے ملنا چاہوں تو نہیں مل سکتا، پتا چلتا ہے کہ وہ کسی میٹنگز میں مصروف ہیں، اسحاق ڈار کی ملک کے لیے بیش بہا خدمات ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp