پاکستان اور بھارت ایشیا کرکٹ کونسل ( اے سی سی) مینز ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میچ میں اتوار 23 جولائی کو آر پریماداسا اسٹیڈیم ، کولمبو میں مد مقابل ہوں۔
سری لنکا میں کھیلے جانے والے ایشیا کرکٹ کونسل ( اے سی سی) مینز ایمرجنگ ایشیا کپ کے سیمی فائنل مقابلوں میں پاکستان نے میزبان سری لنکا کو ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، جب کہ بھارت ایک زبردست مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو ہرا کر فائنل میں پہنچا ہے۔
اتوار کو روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان آر پریماداسا سٹیڈیم ، کولمبو میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں پاکستانی ٹیم محمد حارث کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ بھارت کو یش دھول لیڈ کریں گے۔
ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اے نے سری لنکا اے کو 60 رنز اور دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اے نے بنگلہ دیش اے کو 51 رنز سے شکست دی تھی ، بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے جبکہ پاکستان کو گروپ میچ میں بھارت کے ہاتھوں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ فیصلہ کن معرکے میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے کی توقع ہے۔
پاکستان اس سے قبل 2019 میں کیھلے گئے ایشیا کرکٹ کونسل ( اے سی سی) مینز ایمرجنگ ایشیا کپ کا فاتح ہے۔ پاکستان اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لیے میدان میں اترے گا، اس کے لیے کپتان محمد حارث نے سری لنکا سے سیمی فائنل جیتنے کے بعد انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے کے لیے پر امید ہے۔ انہوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا تھا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ فائنل میں اس کا مقابلہ اپنے روایتی حریف بھارت سے ہو۔