سوات میں پہاڑی تودے تلے دب کر 2 افراد جاں بحق، چترال میں ایمرجنسی نافذ

اتوار 23 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوات کی تحصیل بحرین کے علاقے مدین میں مکان کی چھت پر پہاڑی تودہ گرگیا، جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ 3 زخمیوں کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر فوری آپریشن شروع کردیا، اہلکاروں نے ملبے میں دبے 5 افراد کو نکالا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے سول اسپتال مدین منتقل کر دیا۔

اسپتال منتقلی کے بعد ڈاکٹروں نے 2 افراد کی جانبحق ہونے کی تصدیق کر دی جبکہ باقی 3 افراد اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

دوسری جانب محکمہ ریلیف نے ڈپٹی کمشنر اپر اور لوئر چترال کی درخواست پر تیز بارشوں سے متاثرہ اپر اور لوئر چترال میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔ سیکرٹری محکمہ ریلیف عبدالباسط کے مطابق ایمرجنسی کا نفاذ 15 اگست 2023 تک ہو گا۔

لوئر دیر میں بھی بارشوں کے بعد سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی ہے، مختلف ندی نالوں میں طغیانی کے باعث متعدد رابطہ پل بہہ گئے۔

تالاش شمشی خان کے مقام پر شدید بارشوں کے باعث مین شاہراہ پانی میں بہہ گئی، جبکہ چکدرہ تا چترال مین شاہراہ ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر لوئر دیر افتخار احمد نے کہاکہ این ایچ اے حکام نے روڈ کی بحالی پر کام شروع کروایا دیا ہے جلد بحال ہو جائے گا۔

ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آپریشن شروع کردیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق انکی ٹیمیں ہر قسم کی ایمرجنسی صورت حال سے نمٹنے کے لئے ہائی الرٹ ہیں، عوام الناس کسی بھی ایمرجنسی یا ناگہانی صورتحال میں ہیلپ لائن نمبر 1122 پر کال کریں۔

اور اگر ہیلپ لائن نمبر نہ ملنے کی صورت میں 0945920230 پر اطلاع دی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp