سیلاب اور بارشوں کی تباہ کاریاں: پاک فوج بحالی کے کاموں میں پیش پیش

اتوار 23 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

افواج پاکستان کی طرف سے سوات، دیر، شانگلہ اور چترال کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ مواصلات کا نظام بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں جب کہ متاثرہ علاقوں میں اشیائے خورونوش پہنچا دی گئی ہیں۔

افواج پاکستان کے محکمہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کی جانب سے جاری تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ ’سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سوات، دیر اور چترال میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔

پاک فوج کے جوانوں نے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقام تک پہنچایا

بیان کے مطابق شدید بارشوں کے بعد سوات دیر اور چترال میں مواصلات کا نظام متاثر ہونے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن تاحال جاری ہے، امدادی دستے بحالی کے کام میں مصروف ہیں۔

بیان کے مطابق دیر میں دریائے پنجکورہ میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد قریبی علاقوں میں مواصلات کا نظام متاثر ہوا۔ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے  تحصیل کلکوٹ میں شرنگل، کمراٹ روڈ بھی بری طرح متاثر ہوا۔ جبکہ شمسی خان کے علاقہ میں زیر تعمیر پل کو نقصان پہنچاہے ۔

پاک فوج کے جوانوں نے لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ گھروں پر سے ملبہ ہٹا کر انہیں محفوظ بنایا

بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز بھاری مشینری کے ساتھ علاقہ میں متاثرہ سڑکوں اور پل کو پہنچنے والے نقصان کے بعد آمدورفت کے سلسلہ کو بحال کرنے کے لیے امدادی کام میں مصروف عمل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ چترال میں شدید بارشوں کی وجہ سے چترال سے بونی کے علاقہ کے درمیان واقع اہم پل سیلاب میں بہہ گیا ہے  سیکیورٹی فورسز نے فوری ریسکیو آپریشن کے ذریعہ متبادل راستہ بنا کر آمدورفت کو بحال کر دیا ہے۔

پاک فوج کے جوانوں نے نالوں کی صفائی کر کے پانی کی نکاسی کو ممکن بنایا

ادھر سوات کے علاقہ شانگلہ میں بھی سیکیورٹی فورسز کا ریسکیو آپریشن جاری ہے اور مختلف علاقوں میں متاثرہ سڑکوں اور مواصلات کے نظام کو بحال کیا جا رہا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سوات، دیر اور چترال کے متاثرہ علاقوں میں عوام کو خوراک اور پانی بھی مہیا کیا جا رہا ہے۔سیکیورٹی فورسز عوام کی حفاظت اور خدمت کیلئے ہراول دستہ کا کردار ادا  کر رہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp