راوی اور ستلج میں سیلابی صورتحال، متاثرہ آبادیوں کی بحفاظت منتقلی کی ہدایت

اتوار 23 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی  کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیلاب کی تازہ صورتحال اور بھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑنے جانے کے حوالے سے تیاریوں اور حفاظتی انتظامات کاجائزہ لیاگیا۔

سیکرٹر ی آبپاشی نے اجلاس کے شرکاء کے بریفنگ میں بتایا کہ دریائے راوی اور ستلج پر بھارت کے بنائے دونوں ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہے۔ راوی پر بنایاگیا ڈیم 90 فیصدجب کہ ستلج پر بنایاگیا ڈیم 70 فیصد بھرگیا ہے۔

اجلاس میں  راوی اور ستلج کے کیچمنٹ ایریا میں مزید بارشوں کے خدشے کے پیش نظر محکمہ آبپاشی، پی ڈی ایم اے، ریسکیو1122 اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تمام کمشنرز کو ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی انتظامات کا حکم اور ہدایت کی کہ دریاؤں کے بیڈ کے اندر موجود گاؤں کے لوگوں کی حفاظت کیلئے تمام پیشگی اقدامات کو حتمی شکل دی جائے۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ آبادیوں کے انخلاء کے حوالے سے کوئی کوتاہی یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمشنر لاہور اوردیگر ڈویژنل کمشنر ایمرجنسی کی صورت میں وضع کردہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ انتظامیہ کھانے پینے اورمیڈیکل کی سہولتیں پہنچانے کے لیے موبائل ٹیمیں تشکیل دے۔ اس موقع پر  وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دریاوں میں پانی کی صورتحال کو ہمہ وقت مانیٹر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے پانی کی آمد کے بارے میں متعلقہ اداروں کو لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا جائے۔

صوبائی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

انڈیا نے سیلابی صورتحال سے متعلق کبھی اطلاع نہیں دی

دوسری طرف پنجاب کی نگراں حکومت کے وزیراطلاعات عامر میر نے کہا ہے کہ سیاسی مداخلت کی وجہ سے دریائی زمین پر لوگ رہائش اختیار کر لیتے ہیں، انہوں نے سیلابی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ پانی چھوڑنے کے حوالے سے انڈیا نے نہ پہلے کبھی کوئی اطلاع دی اور نہ ہی اب رہا ہے۔

ستلج کی وجہ سے قصور میں کچھ دیہات زیر آب آئے ہیں، عمران قریشی

علاوہ ازیں بارشوں اور سیلابوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے تمام ڈپٹی کمشنر کو روزانہ کی بنیاد پر اطلاعات دے رہا ہے۔ ریسکیو کرنے والے تمام ادراے رابطے میں ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق ستلج کی وجہ سے قصور میں کچھ دیہات زیر آب آئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp