بھارتی رہنما ممتا بینرجی نے پلوامہ حملے کا راز فاش کر دیا

پیر 24 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بینرجی نے مودی سرکار کے جعلی پلوامے ڈرامے کا راز فاش کر دیا۔

کولکتہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بینرجی نے پلوامہ دہشت گردانہ حملے کو ‘جعلی اور اسٹیجڈ’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت والی بی جے پی اسی طرح کے واقعے کی ایک بار پھر منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

ممتا بینرجی نے انکشاف کیا ہے کہ پلوامہ ڈرامہ جعلی اور اسکرپٹڈ تھا اور نریند مودی نے انتخابات جیتنے کے لیے پلوامہ ڈرامہ رچایا تھا۔

انہوں نے کہا ہے کہ نریندر مودی نے پوری منصوبہ بندی کے ساتھ 40 جوانوں کا خون بہا کر گزشتہ الیکشن چوری کیا، مودی ایک بار پھر پلوامہ جیسا ڈرامہ رچا کر انتخابات پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ بھارت کے اپنے ہی رہنماؤں نے پلوامہ حملے کو جعلی قرار دیا ہو، ماضی میں کانگریس رہنما ادت راج نے بھی پلوامہ حملے کو جعلی اور خود ساختہ قرار دیا تھا۔

رواں سال اپریل میں مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیاپال ملک نے بھی پلوامہ حملے کے بارے میں انکشاف کیا تھا جس پر مودی سرکار اور امیت شاہ نے انہیں خاموش رہنے کو کہا تھا۔

 ستیاپال ملک نے انکشاف کیا تھا کہ مودی پلوامہ حملے کو پاکستان پر تھوپ کر انتخابات میں ووٹ لینا چاہتے ہیں۔

 پلوامہ ڈرامے کے بعد مودی سرکار نے جعلی سرجیکل اسٹرائیک کا ڈرامہ رچایا تھا۔ جواب میں اگلے ہی روز پاکستان نے بھارت کے دو طیارے مار گرائے اور ونگ کمانڈر ابھینندن کو قیدی بنا لیا تھا۔

واضح رہے کہ پلوامہ کا واقع بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کے علاقے پلوامہ میں  فروری 2019ء میں پیش آیا تھا، بھارتی میڈیا کے مطابق اس حملے میں 40 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے، بھارت نے اس حملے کی ذمہ داری پاکستان پر عائد کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp