جمِ غفیر واہگہ پریڈ دیکھنے اُمڈ آیا، بارڈر پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اُٹھا

پیر 24 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

واہگہ بارڈر لاہور پر پرچم کشائی کی تقریب کے دوران واہگہ بارڈر پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، عوام نے پاک فوج سے والہانہ محبت کا اظہار کیا ہے۔

یوم آزادی کی مناسبت سے واہگہ بارڈر لاہور پر پرچم کشائی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر حسبِ روایت عوام کا جمِ غفیر پاک فوجی کی پریڈ دیکھنے اُمڈ آیا۔

پرچم کشائی کی تقریب اور پریڈ کے موقع پر عوام کا جوش و جذبہ دیدنی تھا، اس موقع پر واہگہ بارڈر لاہور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اُٹھا۔اس موقع پر پاکستان کے بچے، خواتین، بزرگ سب یکجان ہوکر پنجاب رینجرز کے جوانوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔

اس پروقار تقریب میں شریک شہریوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واہگہ کی پریڈ قومی یکجہتی، ملک اور افواجِ پاکستان سے محبت اور اعتماد کے رشتے کی عکاس ہے۔

سخت گرمی کے موسم میں بھی 10,000 سے زائد لوگ پریڈ وینیو میں موجود تھے جو عوام کی پاک فوج سے محبت کا واضح ثبوت ہے۔

عوام نے اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان کی سالمیت اور اتحاد کی خاطر ہمیشہ پاک فوج اور پنجاب رینجرز کے شانہ بشانہ ڈٹ کر کھڑے رہیں گے اور دنیا کی کوئی طاقت عوام اور پاک افواج کے مابین عقیدت و محبت کے تعلق کو کمزور نہیں کرسکتی۔

واضح رہے کہ واہگہ بارڈر پر پرچم کشائی کی تقریب ہر سال منعقد ہوتی ہے، واہگہ بارڈر پر پاکستان اور بھارت اپنے نئے پرچم آویزاں کرتے ہیں جبکہ دونوں ممالک کے افواج کے درمیان جذبہ خیر سگالی کے تحت مٹھائی کا تبادلہ بھی کیا جاتا ہے جبکہ دونوں ممالک کی افواج شاندار پریڈ کا مظاہرہ بھی کرتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp