پاکستان میں گرمیوں کے موسم میں گرمیوں کی بات ہو اور گھر میں آزادانہ گھومنے پھرنے والے کاکروچ کی بات نہ ہو ایسا تو ممکن نہیں، یہی کاکروچ الجھن اور بعض اوقات تو انتہائی پریشانی کا باعث بھی بن جاتے ہیں۔
کاکروچ کا یوں پورے گھر میں گھومنا الجھن اور تکلیف کا باعث بنتا ہے، آخر یہ کاکروچ چاہتے کیا ہیں؟ ایسی ہی ایک دلچسپ بحث سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس وقت شروع ہوئی جب بیپر نامی صارف نے انتہائی دلبرداشتہ ہو کر صبح ہی صبح ٹویٹ کر ڈالی جس کے جواب میں صارفین نے طنز و مزاح سے ایک خوشگوار ماحول بنا ڈالا۔
صارف بیپر نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کاکروچ آپ کی زندگی کا حصہ ہیں، انہیں قبول کریں بلکہ ان سے بات کرنے کی کوشش کریں کہ یہ آخر چاہتے کیا ہیں؟ اچانک صبح صبح آپ کے سامنے آ کر کھڑے ہو کر کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں؟ ان کی مونچھوں کے تاثرات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ آپ کے رعب و دبدبے سے بے پرواہ مخلوق ہیں۔
کاکروچ آپکی زندگی کا حصہ ہیں ۔ انکو accept کریں ۔ بلکہ ان سے بات کرنے کی کوشش کریں یہ آخر چاہتے کیا ہیں ۔ اچانک صبح صبح اپکے سامنے آ کر کھڑے ہو کر کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں ۔ انکی موچھوں کے تاثرات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ آپکے رعب و دبدبے سے ماوراء مخلوق ہیں ۔ جاری ہے ۔۔۔
— Beeper (@Beeper9999) July 24, 2023
بحث کا آغاز ہوا تو جہاں صارفین طنز و مزاح کرتے نظر آئے وہیں بعض صارفین ایسے بھی تھے جو کاکروچ سے نجات حاصل کرنے کے طریقے بھی بتاتے نظر آئے۔ صارف شاہ جی لکھتے ہیں کہ کیرم بورڈ میں استعمال ہونے والے پاؤڈر کو دودھ میں مکس کر کے چھوٹی چھوٹی گولیاں بنا کر کر کاکروچ والی جگہوں پر رکھ دیں۔ کاکروچ دودھ کی مہک کے عاشق ہوتے ہیں، جیسے ہی گولیاں کھائیں گے وہیں اکڑ جائیں گے۔ سپرے والی کوشش عارضی ہوتی ہے۔ یہ گولیاں نسل کشی کے لیے بہترین ہیں۔
کیریم بورڈ میں استعمال ہونے والے پاؤڈر کو دودھ میں مکس کر کے چھوٹی چھوٹی گولیاں بنا کر کر کاکروچ والی جگہوں پر رکھ دیں دودھ کی مہک کے عاشق ہیں جیسے ہی گولیاں کھائیں گے وہیں اکڑ جائیں گے سپرے والی کوشش عارضی ہوتی ہے یہ گولیاں نسل کشی کے لییے بہتریں ہیں (نوٹ ) بچوں سے دور رکھیں
— Shaji (@Shajji44) July 24, 2023
گفتگو مزید آگے بڑھی تو ایک صارف نے عالمی جنگوں کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ کاکروچ کو عزت دو!!!جب انسان ایک دوسرے کو ایٹم بم مار کر ختم کر دیں گے تو دنیا پر انہی کا راج ہو گا۔ ہیروشیما، ناگاساکی اور پھر چرنوبیل کی تابکاری میں بھی یہ زندہ بچ گئے تھے۔
کاکروچ کو عزت دو!!!
جب انسان ایک دوسرے کو ایٹم بم مار کر ختم کر دیں گے تو دنیا پر ان کا ہی راج ہو گا۔ ہیروشیما ناگاساکی اور پھر چرنوبیل کی تابکاری میں بھی یہ سروائیو کر گئے تھے— Hey Haroon (@aH_mO_) July 24, 2023
ایک اور صارف نے لکھا خواتین چاہے ساس سے ڈریں نہ ڈریں لیکن لال بیگ اور چھپکلی کو دیکھ کر اس طرح چیختی ہیں کہ بندے کا بھی تراہ نکل جاتا ہے۔
خواتین چاہے ساس سے ڈریں نہ ڈریں لیکن لال بیگ اور چھپکلی کو دیکھ کر اس طرح چیختی ہیں کہ بندے کا بھی تراہ نکل جاتا ہے
— Akhtar Aijaz (@AkhtarAijaz3) July 24, 2023
سوال یہ ہے کہ آخر ان لال بیگوں سے نجات کیسے حاصل کی جا سکتی ہے؟
انڈین اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق لال بیگ گھر میں غذا کے حصول کے لیے آتے ہیں، اس لیے انہیں گھر سے دور رکھنے کا ایک آسان نسخہ یہی ہے کہ بچا ہوا کھانا کچن میں مت چھوڑیں، گھر کی صاف ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور گھر میں ان کے ممکنہ داخلی راستوں کو تلاش کریں۔ جو جگہیں مشتبہ لگیں انہیں بند کرنے کی کوشش کریں۔