کولمبو میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بیٹرز نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑی آؤٹ پر 563 رنز بنا لیے، عبداللہ شفیق نے ڈبل سنچری بنائی اور سلمان علی آغا بھی سنچری اسکور کرچکے ہیں۔
تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 397 رنز کی برتری حاصل کی، کھیل کے دوران بیٹرز نے اچھی کارکردگی دکھائی، سعود شکیل نے بھی اہم ریکارڈ اپنے نام کر لیا، سعود شکیل کیرئیر کے ابتدائی 7 ٹیسٹ میچز میں ففٹی کرنے والے پہلے بیٹر بن گئے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ سنیل گواسکر، سعید احمد، برٹ سٹکلیف اور باسل بچر کے پاس تھا جنہوں نے اپنے ابتدائی 6 میچز میں یہ کارنامہ انجام دیاجبکہ سعود شکیل نے ابتدائی 7 میچز میں ففٹی کرکے ان تمام بیٹرز کو پیچھے چھوڑ دیا۔
کھیل کا آغاز ہوتے ہی عبداللہ شفیق نے اپنی سینچری مکمل کی اور ابھی تک 201 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں سری لنکا پر برتری حاصل کرتے ہوئے رنز بنانے میں مصروف ہے۔
مجموعی طور پر پاکستان کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں، جن میں کپتان بابر اعظم 39 رنز بنا کر پربتھ جے سوریا کے ہاتھوں ایل بھی ڈبلیو ہوئے اور سعود شکیل 57 رنز بنا کر فرنینڈو کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
سرفراز احمد 14 رنز بنا کر اسیتھا فرنینڈو کی گیند سر پر لگنے کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، آئی سی سی کے کنکوژن رول کے مطابق محمد رضوان سرفراز کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل ہوچکے ہیں۔
دوسرے دن کا کھیل
گزشتہ روزکولمبو میں جاری پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران بارش کی وجہ سے دوسرے دن کا کھیل منسوخ کر دیا گیا تھا۔
بارش شروع ہونے سے پہلے قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں سری لنکا کے 166 رنز کے تعاقب میں 2 کھلاڑی آؤٹ پر 178 رنز بنا لیے، اور سری لنکا پر 12 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
پاکستان کے عبداللّٰہ شفیق 87 اور کپتان بابر اعظم 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، پاکستان نے کھیل کے دوسرے روز 145 رنز اور 2 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز کا آغاز کیا تھا۔
گزشتہ روز کے اختتام تک سری لنکا کی ٹیم کو پاکستان پر 21 رنز کی برتری حاصل تھی۔
پاکستان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو امام الحق صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ شان مسعود نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ دونوں کھلاڑیوں کو اسیتھا فرنینڈو نے آؤٹ کیا۔
مزید پڑھیں
سری لنکا کی پہلی اننگز
کولمبو میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ کا آغاز بارش کے باعث تاخیر ہے ہوا، سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، میچ کے پہلے روز ہی سری لنکا کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے، جبکہ سری لنکا اپنی پہلی اننگز میں صرف 166 رنز بنا سکی۔
ابرار احمد نے چار اور نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شان مسعود نے سری لنکن اوپنرنشان مدھوشکا اور پربتھ جے سوریا کو رن آؤٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے کوشال مینڈس کی وکٹ لی۔
سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ رنز دھننجایا ڈی سلوا نے 57، دنیش چندی مل نے 34 اور رمیش مینڈس نے 27 اور دیموتھ کرونارتنے نے 17 رنز بنائے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری سیریز کا فائنل میچ کولمبو میں کھیلا جارہا ہے، کپتان بابر اعظم کی جانب سے پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جبکہ سری لنکن کپتان دیموتھ کرونارتنے کے مطابق ان کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
یاد رہے قومی ٹیم نے گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پاکستان اپنے دوسرے میچ کو جیت کر یا ڈرا کرکے سیریز اپنے نام کرسکتا ہے۔