اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصل مسجد کے باہر قلفی بیچنے والے شہری کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا

بدھ 26 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصل مسجد کے باہر قلفی بیچنے والے اڈیالہ جیل میں 3 ماہ کی قید کاٹنے والے شہری کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ وکیل عمر اعجاز گیلانی نے شہری کی فیملی کی طرف سے کیس کی پیروی کی۔

یاد رہے کہ فرمان اللہ پچھلے 30 سال سے پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فیصل مسجد کے سامنے قلفی کی ریڑھی لگا رہے تھے۔ اور وہ اپنے پانچ بچوں کا پیٹ پال  رہے تھے۔

فرمان اللہ کے 5 بچوں میں سے 4 جسمانی طور پر معذور ہیں۔ وہ قلفیاں یا مکئی کی چھلیاں فروخت کرکے اپنے معذور بچوں کے علاج معالجہ کا خرچہ پورا کرتے ہیں جو ماہانہ تقریبا 8 ہزار روپے بنتا ہے۔

وفاقی دارالحکومت کے ادارے سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے اہلکاروں نے فرمان اللہ کو 11 جولائی کواس الزام میں گرفتار کرلیا کہ وہ فیصل مسجد کے گرد و نواح میں ’بلا اجازت ریڑھی لگا کر تجاوزات کے مرتکب ہوئے۔‘

صرف ایک دن بعد فرمان اللہ کو سی ڈی اے کے سینیئر سپیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں ملزم نے ’اعتراف جرم‘ کیا تاہم درخواست کی کہ انہیں معاف کر دیا جائے۔

بیان کے مطابق فرمان اللہ کا کہنا تھا کہ وہ یہ ’غلطی دوبارہ نہیں کریں گے۔

’میں غریب آدمی ہوں، مجھے اپنے خاندان کا پیٹ پالنا ہے۔ میرے علاوہ ان کا خیال رکھنے والا کوئی نہیں ہے۔‘

تاہم سینئر سپیشل مجسٹریٹ  نے سی ڈی اے آرڈیننس 1960 کے سیکشن 46 اے اور مارشل لا ریگولیشن نمبر 63 کے تحت 5 لاکھ روپے جرمانہ اور 3ماہ قیدِ بامشقت کی سزا سناتے ہوئے حکم دیا کہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں فرمان اللہ کو ایک ماہ کی اضافی قید کاٹنا ہو گی۔

فرمان اللہ کے وکیل عمر اعجاز گیلانی کا کہنا ہے’ایک قلفی کی ریڑھی کو تجاوزات قرار دینا اور فرمان اللہ کو اس جرم میں جیل بھجوانا سی ڈی اے کی جانب سے بے حسی کی انتہا ظاہر کرتا ہے۔‘

عمر اعجاز کو فرمان اللہ کے علاقے کے نزدیک بنی کچّی آبادی کے لوگوں سے ان کی گرفتاری کا پتا چلا۔ انہوں نے سب سے پہلے ٹوئٹر پر اس کیس کے بارے میں خبر دی اور پوچھا کہ

’کس قانون کے تحت ایک ریڑھی لگانے والے فرد سے اس قسم کا برتاؤ کیا جارہا ہے؟‘

انہیں مزید دستاویزات نکلوانے کے بعد پتا چلا کہ فرمان اللہ کو سی ڈی اے آرڈیننس 1960 کی شِق A-46 کے تحت بغیر لائسنس کے ریڑھی لگانے پر سزا سنائی گئی ہے جس کے بعد انہوں نے فرمان اللہ کے مقدمے کی پیروی کرنے کا فیصلہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp