اللہ کو علم ہے کہ اگلی حکومت کس کی ہو گی، شہباز شریف

بدھ 26 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری حکومت اگلے ماہ ختم ہو رہی ہے، اللہ کو ہی معلوم ہے کہ اگلی حکومت کس کی ہو گی۔

کراچی میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم اور وزیر اعظم یوتھ بزنس اسکیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے ہونہار طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے، اس موقع پر پولیس کے دستے کی جانب سے قابل اور باصلاحیت طلباء و طالبات کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے با صلاحیت نوجوانوں میں چیک بھی تقسیم کیے، وزیر اعظم یوتھ لون اسکیم کے تحت نوجوانوں کو 75 لاکر روپے تک کا قرضہ دیا جا رہا ہے۔

تقریب میں وفاقی وزراء، وزیر اعلی سندھ اور صوبائی وزراء نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری اگلے ماہ مدت پوری ہو رہی ہے، اللہ کو علم ہے کہ اگلی حکومت کس کی ہو گی، نئی حکومت آئے گی جس کو عوام منتخب کریں گے، ہم نے بجٹ 2023-24 میں ہونہار طلبہ و طالبات کے لیے ایک لاکھ لیپ ٹاپ رکھے ہیں، نئی حکومت بھی عوام میں 1 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں یہی وہ طریقہ ہے کہ جس سے پاکستان بڑی تیزی سے ترقی کے راستے پر گامزن ہو سکتا ہے۔ لیپ ٹاپ کے لیے تعلیم معیار ہے اور ایک اور شرط بھی ہے کہ طلباء و طلبات پبلک اداروں سے تعلیم حاصل کریں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اگر صوبے تعاون کریں تو ہر سال پاکستان میں 10 لاکھ لیپ ٹاپ ہونہار طلباء و طالبات میں تقسیم ہو سکتے ہیں، اس سے انقلاب آئے گا۔ یہ بچے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ قوم کو آگے بڑھانے کے لیے نوجوانوں کو با صلاحیت اور ہنر مند بنانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اب ایسے حالات پیدا ہو گئے ہیں کہ جس سے لگتا ہے کہ پاکستان ترقی کے راستے پر گامزن ہوا چاہتا ہے، ہمیں اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے، نوجوانوں کی محنت پاکستان کی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp