پی ٹی آئی سینیٹر ڈاکٹر زرقا کے لاہور میں 2 کلینکس سیل، خواجہ آصف کا اس میں کیا کردار ہے؟

بدھ 26 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خاتون سینیٹر ڈاکٹر زرقا کے 2 کلینکس محکمہ صحت کے حکام نے سیل کر دیے ہیں۔

سینیٹر ڈاکٹر زرقا نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کے ساتھ تکرار کی وجہ سے انتقامی کارروائی کی گئی ہے اور میرے کلینکس سیل کیے گئے ہیں۔

ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کینٹ کی سربراہی میں محکمہ صحت لاہور کی ٹیم نے کلینکس پر چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی اور اس دوران وہاں پر خدمات انجام دینےو الے اکاؤنٹنٹس کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

محکمہ صحت کی ٹیم نے کلینکس سیل کرنے کے بعد تھانے میں درخواست دے دی، جبکہ ان کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چھاپے کے دوران ڈینگی لاروا برآمد ہوا ہے اور یہاں پر ایف ایس سی پاس لڑکیاں کلینکس چلا رہی تھیں۔

محکمہ صحت کی ٹیم کے مطابق کلینک سے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر ڈینگی کنٹرول ایکٹ کے تحت مقدمے کا اندراج ہو گیا ہے۔

دوسری جانب ڈاکٹر زرقا نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ میرے خلاف انتقامی کارروائی کی گئی ہے، ان گلوبٹوں کا یہ خاصا ہے کہ یہ دہشت پھیلاتے ہیں، اب تو کسی بھی وقت کوئی جعلی ایف آئی آر بھی ہو جائے گی اور کوئی مجھے گرفتار کرنے بھی آ جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خواجہ آصف نے پارلیمنٹ میں پی ٹی آئی کی خواتین سے متعلق نازیبا زبان استعمال کی تھی اور ڈاکٹر زرقا نے اس کا جواب دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp