مجھے جوتے بھجوانے والوں تک کو پریشان کیا جا رہا ہے، عمران خان

بدھ 26 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میرے مخالفین مجھے نااہل کروا کر جیل بھیجنے کے لیے ہر حد تک گرنے کے لیے تیار ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ایک ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ ایک شخص نے اپنے ڈرائیور کے ہاتھ مجھے جوتوں کا ڈبہ بھیجا تو پولیس ڈرائیور کے گھر پہنچ گئی اور اس کو ڈرانے دھمکانے کے بعد یہ کہنے پر مجبور کیا کہ وہ مجھے منشیات دینے کے لیے آیا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ جب مجرم ملک چلاتے ہیں تو پھر ایسے ہی ہوتا ہے، ایسے لوگ پھر بدمعاشوں کو اہم عہدوں پر بٹھاتے ہیں۔

واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 9 مئی کے واقعہ کے بعد سے زیر عتاب اور ان پر مختلف کیسز چل رہے ہیں اور اب یہ بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 9 مئی کو آرمی تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں ان کا کیس فوجی عدالت میں چلایا جائے گا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو جب 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا تو پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ملک گیر احتجاج کیا تھا اور اس دوران کئی اہم تنصیبات پر بھی دھاوا بولا گیا تھا جس کی پاداش میں ہزاروں افراد کو گرفتار کیا تھا۔ ان میں سے کچھ کے کیسز فوجی عدالتوں کو بھیجے جا چکے ہیں۔

دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا یہ موقف ہے کہ 9 مئی کے واقعہ میں پی ٹی آئی کا کوئی کردار نہیں بلکہ یہ ان کی جماعت کو دیوار کے ساتھ لگانے کے لیے پوری پلاننگ کے تحت یہ سب کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp