ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کو ان کے سہولت کاروں سمیت ختم کیا جائے، شہریوں کا مطالبہ

جمعرات 27 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان بھر کے شہریوں نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں ہونے والے خود کش حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

جمرود میں خود کش حملے کے خلاف ملک کے بیشتر شہروں میں سول سوسائٹی کی جانب سے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ہے، اسی سلسلے میں ایک عظیم ریلی لاہور میں نکالی گئی۔

ریلی میں شریک شہریوں نے جمرود میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کی۔ شرکا نے ہاتھوں میں ٹی ٹی پی دہشت گردوں کے خلاف پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے۔

ریلی میں مفتیان اور علما نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی ایسا ہی ایک خودکش حملہ پولیس لائنز کی مسجد میں کیا گیا جہاں کافی تعداد میں پولیس کے جوان شہید ہوئے، آخر مساجد ہی کو کیوں شہید کیا جاتا ہے، نمازیوں کا کیا قصور ہے؟

شرکا نے کہا کہ یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ ٹی ٹی پی اسلام دشمن، پاکستان دشمن اور عوام دشمن دہشت گرد جماعت ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کو ان کے سہولت کاروں اور محفوظ ٹھکانوں سمیت ختم کیا جائے۔

شہریوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنے کے لیے اپنے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ہے۔ ریلی کے شرکاء نے پولیس، پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے شہدا کے حق میں نعرے بھی بلند کیے۔

خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں منگل کو دہشت گردوں نے تھانہ علی مسجد کو نشانہ بنایا گیا

واضح رہے کہ منگل کے روز  ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں ایک مسجد میں خود کش دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی شہید ہو گئے تھے۔ سیکیورٹی اداروں نے خود کش حملہ آور کے ساتھی کو گرفتار کر لیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp