پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان 80 روز بعد جیل سے رہا

جمعرات 27 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سابق وفاقی وزیر علی محمد خان کو 80 روز کی قید کے بعد سینٹرل جیل مردان سے رہا کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے علی محمد خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

پشاور ہائی کورٹ کے جج جسٹس اعجاز انور اور جسٹس فضل سبحان پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے فیصلہ سنایا تھا۔

جسٹس اعجاز انور نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آئندہ سماعت پر ڈپٹی کمشنر مردان عدالت میں پیش ہوں، ایک ڈپٹی کمشنر کو نشان عبرت بنایا جائے گا تو پھر غیر قانونی کام نہیں ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں پشاور: پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان چھٹی مرتبہ گرفتار

عدالت نے حکم دیا کہ ڈپٹی کمشنر مردان 8 اگست کو عدالت کے رو برو پیش ہوں، اور اس کے ساتھ ہی کیس کی سماعت 8 اگست تک کے لیے ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ علی محمد خان کی گرفتاری 11 مئی کو عمل میں لائی گئی تھی جب عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک کی اہم تنصیبات پر دھاوا بولا تھا۔

یہ بھی پڑھیں علی محمد خان رہائی کا پروانہ ملنے کے بعد ایک بار پھر گرفتار

یہ بھی یاد رہے کہ علی محمد خان کی اس سے قبل 6 مرتبہ ضمانت منظور ہوئی مگر ان کو جیل سے باہر آتے ہی پولیس دوبارہ گرفتار کر لیتی تھی۔

اس سے قبل 27 جون کو عدالتی احکامات پر رہائی کے بعد پی ٹی آئی رہنما کو چھٹی مرتبہ گرفتار کیا گیا تھا۔

9 جون کو مردان کی انسداد دہشت گردی عدالت نے الزامات ثابت نہ ہونے پرعلی محمد خان کو مقدمہ سے بری کیا تو اسی دن اینٹی کرپشن کی ٹیم نے فشریز ڈیپارٹمنٹ میں غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں گرفتار کر لیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp