ہیلتھ انشورنس کی فراہمی کے لیے فنکاروں کی رجسٹریشن کا آغاز

جمعرات 27 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے فنکاروں کے لیے بھی ہیلتھ انشورنس پروگرام کا آغاز کردیا اور جلد ہی انہیں کارڈز دے دیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں جمعرات کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے فنکاروں کے لیے ہیلتھ انشورنس رجسٹریشن فارم کا اجرا کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے صحافیوں کی طرح فنکاروں کے لیے بھی ہیلتھ انشورنس پروگرام شروع کر دیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف جلدخود فنکاروں کو ہیلتھ کارڑ دیں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2023-24 کے بجٹ میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے ہیلتھ انشورنس پروگرام کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں اور صحافیوں کے لیے اس سےقبل ویلفیئر فنڈ تھا لیکن موجودہ حکومت نے ہیلتھ انشورنس کا پروگرام بھی شروع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فنکاروں نے ہمیشہ پاکستان کی ثقافت،تہذیب اور ادبی ورثے کوفروغ دیا اور جس طرح کلچر ہمارا ورثہ ہے اسی طرح فنکار بھی ہمارا ورثہ ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ صحافیوں کی طرح فنکاروں کے لیے بھی ہیلتھ انشورنس پروگرام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فنکار کسمپرسی کی حالت میں بھی کسی سے شکایت نہیں کرسکتے تھے اس لیے فنکارں کو صحت کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے آرٹسٹ ہیلتھ انشورنس پروگرام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے فنکاروں کو www.demp.gov پر خود کو رجسٹرڈ کرنے کا کہا۔

ان کا کہنا تھا کہ صحت کی سہولیات تک رسائی ایک طریقہ کار کے ذریعے ہوسکے گی اور فنکاروں کو پرائیویٹ اسپتالوں میں علاج کی سہولت مل سکے گی ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم محرم الحرام کے بعد اس پروگرام کا باقاعدہ اجرا کریں گے لہٰذا تمام فنکار اپنی رجسٹریشن کا عمل مکمل کرلیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp