حکومت پاکستان کی دعوت پر چین کے نائب وزیر اعظم اور کمیونسٹ پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کے پولٹ بیورو کے رکن ہی لی فینگ 30 جولائی سے یکم اگست تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کے اعلامیہ کے مطابق نائب چینی وزیراعظم ہی لی فینگ پاک چائنا اقتصادی راہداری منصوبے کی 10 سالہ تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔
دورے کے دوران نائب وزیراعظم سی پیک کی 10ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت سمیت صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
نائب وزیر اعظم ہی لی فینگ نے چین کے بین الاقوامی اقتصادی تعلقات اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے نفاذ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جن میں سے سی پیک ایک اہم منصوبہ ہے۔
نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے چیئرمین کے طور پر انہوں نے پاکستان میں سی پیک کے متعدد منصوبوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درآمد میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب چینی وزیر اعظم کا دورہ پاکستان اور چین کے مابین باقاعدہ اعلٰی سطحی دفود کے تبادلوں اور مذاکرات کا حصہ اور دو طرفہ سدابہار تذویراتی تعاون اور شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے لیے پاکستان اور چین کی جانب سے اس ضمن میں دی جانیوالی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔
’اس دورے کا مقصد دو طرفہ بنیادی مفادات پر حمایت کی توثیق سمیت اقتصادی اور مالی تعاون میں اضافے ، سی پیک کی اعلٰی معیار کی ترقی کو آگے بڑھانا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنا ہے۔‘
چینی نائب وزیرِ اعظم کی آمد کے موقع پراسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے وزارت داخلہ کو 31 جولائی اور یکم اگست کو مقامی تعطیل کے اعلان کی سمری بھی ارسال کر دی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا موقف ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جارہے ہیں۔ تاہم وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد ہی عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری ہو گا۔