کیریئر کا اختتام اچھی فارم میں کرنا چاہتا تھا، اسٹوارٹ براڈ

اتوار 30 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مایا ناز فاسٹ بولرز اور شاندار کیریئر رکھنے والے برطانوی کھلاڑی اسٹوارٹ براڈ نے کہاکہ ریٹائر منٹ کا اعلان اچھی فارم میں کرنا چاہتا تھا، اپنے کیریئر کی آخری ایشز سیریز کو بہت انجوائے کیا، آسٹریلیا کے خلاف کھیلنا بہت پسند ہے یہی وجہ ہے کہ ایشز سیریز ہمیشہ سے میرے کیریئر کی سب سے لطف اندوز اور تفریحی سریز رہی ہے۔

37  سالہ فاسٹ بولر نے 167 ٹیسٹ میچز، 121 ون ڈے انٹرنیشنل اور 56 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیل کر 845 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ  کامیاب ترین فاسٹ بولرمیں شمار ہوتے ہیں جبکہ مجموعی طور پر دنیا کے پانچویں کامیاب ترین بولر ہیں۔

براڈ نے 2007 میں سری لنکا کے خلاف اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا، جبکہ انہوں نے رواں ہفتے اوول میں ایشز سیریز کے تیسرے میچ میں 150 ویں وکٹ حاصل کی اور مجموعی طور پر ٹیسٹ کیریئر کی 600 وکٹیں مکمل کیں۔

اسٹوارٹ براڈ نے 2015 کی ایشز میں آسٹریلیا کے خلاف 15 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کیں جو انکے کیئریر کی بہترین کارکردگی کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

اسٹوارٹ براڈ نے اسکائی اسپورٹس کو انٹرویو کے دوران بتایاکہ ایشز سیریز کا آخری میچ میرے کیریئر کا بھی آخری میچ ہوگا، سب سے پہلے ناٹنگھم شائر اور پھر انگلینڈ کی جرسی پہننا میرے لیے باعث فخر ہے، میں اپنے کیرئر کا اختتام اچھی فارم میں کرنا چاہتا تھا، میری آخری ایشز سیریز میرے کیریئر کی سب سے لطف اندوز اور تفریحی سیریز ہے۔

انکا کہنا تھاکہ آسٹریلیا کے خلاف کھیل کر انکو زیادہ مزہ آتا تھا، انکو آسٹریلیا کے خلاف پرفارم کرنا زیادہ پسند تھا یہی وجہ ہے کہ انہوں نے کیریئر کے زیادہ ریکارڈز آسٹریلیا کے خلاف ہی بنائے ہیں۔

اسٹوارٹ براڈ نے 2007 میں جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے بیٹر یووراج سنگھ کے ہاتھوں 6 چھکے بھی کھائے، جس کو وہ اپنے کرکٹ کیریئر کا ٹرننگ پوائنٹ بھی سمجھتے ہیں۔

اسٹوارٹ براڈ 2010 میں ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والے انگلینڈ اسکواڈ کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔

اسٹوارٹ براڈ کی جانب سے ریٹائر منٹ کا اعلان سامنے آنے پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے بھی اپنے ردعمل میں کہاکہ انگلش کرکٹ کے لیے براڈ کا شاندار کیریئر قابل فخر ہے، ان خدمات پر بورڈ اسٹوارٹ براڈ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہے۔

اسٹوارٹ براڈ اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں، ایشز سیریز کے پانچویں میچ کی دوسری اننگز کے دوران آخری بار بیٹنگ کے لیے آتے ہوئے انکو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا تاہم آسٹریلیا کی دوسری اننگز جاری ہے جس میں وہ آخری بار بولنگ بھی کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp