چاند نظر آیا یا نہیں؟ جھوٹی گواہی پر 3 سال سزا، بل سینیٹ میں پیش

اتوار 30 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں ہر سال عید الفطر اور رمضان المبارک کے چاند نظر آنے کا اعلان بحث کا مرکز ہوتا ہے، چاند دیکھنے والوں کی شہادتوں پر بھی سوال اٹھائے جاتے ہیں، پورے ملک میں چاند نظر نہ آنے اور چند شہادتوں پر عید یا رمضان کا اعلان ہونے پر شہادت دینے والوں پر بھی تنقید کی جاتی ہے۔

ایسے میں جھوٹی شہادتوں کی روک تھام کے لیے سینیٹ میں پاکستان رویت ہلال بل 2023 پیش کر دیا گیا ہے جس کے مطابق چاند دیکھنے کی جھوٹی گواہی دینے والے کو 3 سال قید اور جرمانہ ہوسکے گا۔

چیئرمین سینیٹ کے زیر صدارت اجلاس میں وزیر مملکت قانون وانصاف شہادت اعوان نے رویت ہلال بل 2023 پیش کیا جس کو چیئرمین سینیٹ نے متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا ہے۔

بل کے مطابق چاند کی جھوٹی گواہی دینے پر 3 سال قید یا 50 ہزار روپے جرمانہ یا پھر دونوں سزائیں ایک ساتھ بھگتنا ہوں گی۔ نجی رویت ہلال کمیٹیوں کے چاند دیکھنے پر پابندی ہوگی، خلاف ورزی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ ہو گا۔ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے از خود چاند نظر آنے کا اعلان کرنے پر 5 لاکھ تک جرمانہ ہوگا۔

بل میں کہا گیا ہے کہ پیمرا چاند سے متعلقہ سرکاری اعلان سے قبل چاند نظر آنے کا اعلان کرنے والے ٹی وی چینل کا لائسنس منسوخ کر سکے گا یا ٹی وی چینل کو 10 لاکھ روپے جرمانہ یا پھر دونوں سزائیں بھی دے سکے گا۔

بل کے مطابق عدالتیں 60 دن کے اندر قانون سے متعلق معاملات کا فیصلہ کرنے کی پابند ہوں گی۔

سینیٹ سے مسودہ قانون کی منظوری اور صدر مملکت کے دستخط کے بعد یہ بل باضابطہ قانون بن جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp