کراچی کے علاقے کورنگی میں بارش کے جمع پانی میں نہاتے ہوئے 15 سالہ لڑکا ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔
چند روز کے لیے بند کازوے ٹریفک کے لیے بحال تو کردیا گیا لیکن پانی اب بھی موجود ہے، پانی جمع ہونے کے باعث علاقہ مکین منع کرنے کے باوجود نہانے پہنچ جاتے ہیں۔ ایسے ہی نہانے آیا 15 سال کا محمد اویس ندی میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گیا۔
ایدھی کو اطلاع ملتے ہی رضاکار موقع پر پہنچ گئے اور لاش نکال کر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کردی۔
اس سے قبل کراچی میں ملیر ندی سے آنے والے پانی کا بہاؤ تیز ہونے سے رہائشی افراد پھنس گئے تھے جن کو بعد ازاں ریسکیو کر لیا گیا تھا۔
ایدھی رضاکاروں کے مطابق بارش کے موسم میں کازوے خطرناک ہو جاتا ہے جس کے باعث سڑک ٹریفک کے لیے بند کر دی جاتی ہے۔ عوام کو بھی محتاط رہنے کی ترغیب دی جاتی ہے لیکن ہر بار ایسے نا خوشگوار واقعات رونما ہوجاتے ہیں۔