وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے کے دوران ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید آل نہیان سے ملاقات کی اور انکے بھائی شیخ سعید بن زاید آل نہیان کے 27 جولائی کو ہونے والے انتقال پر تعزیت کا اظہارکیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور خطے میں ہونے والی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤن نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر سمیت دوطرفہ کثیر جہتی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی طور پر مفید اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مشکل وقت میں پاکستان کی مستقل اورغیرمتزلزل حمایت پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ عبداللہ بن زید آل نہیان نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے گراں قدر تعاون کو سراہا۔
قبل ازیں وزیر خارجہ نے دبئی میں مادام تساؤ میں سابق وزیر اعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم کے طور پر محترمہ بے نظیر بھٹو کے کارہائے نمایاں کا ذکر کیا جنہوں نے دنیا بھر میں نوجوانوں، خواتین اور جمہوری تحریکوں کو اپنے کارناموں سے متاثر کیا۔