زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 16.5 ٹن امدادی سامان کی دسویں کھیب ترکیہ روانہ کردی ہے۔ زلزلہ متاثرین کی موجودہ ضرورت کے مطابق اس کھیپ میں فیملی سائز کے موسم سرما کے بڑے خیمے ہیں۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پی آئی اے بوئنگ 777 کے ذریعے 16.5 ٹن کی ایک اور امدادی کھیپ ترکی کے لیے روانہ کی ہے۔ وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر، وفاقی وزیر سیفران طلحہ محمود اور وزیر مملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے روانگی کی اس تقریب میں شرکت کی۔
وفاقی وزرا ءنے6 فروری کو ترکیہ میں آنے والے شدید زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور ترک عوام نے ہمیشہ ہر مشکل وقت خصوصاً حالیہ بڑے سیلاب میں پاکستان کی مدد کی ہے اور یہ وقت اسی جذبے سے ترکیہ کا ساتھ دینے کا ہے۔
وزیر اعظم کی ہدایت پر امدادی سامان کے ہمراہ آج مجموعی طور پر تین پروازیں زلزلہ زدہ ترکیہ کے لیے روانہ کی گئی ہیں۔ پہلی پرواز کو وزیر اعظم نے خود لاہور ایئرپورٹ سے خصوصی ترک ملٹری ایئر کرافٹ -A 400 کے ذریعے روانہ کیا جبکہ خصوصی PAF IL-78 کے ذریعے ایک اور پرواز کو چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے لاہور ایئرپورٹ سے روانہ کیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے فوج اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں کے ہمراہ اب تک کثیر تعداد میں امدادی سامان کا بندوبست کر کے ترکیہ بھیجے ہیں۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق شام اور ترکیہ میں ہمارے بھائیوں اور بہنوں کے لیے ہوائی جہاز، سڑک اور سمندری راستوں کے ذریعے مزید امدادی سامان بھیجنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔