سی پیک منصوبے کے 10 سال، کب کیا ہوا؟

پیر 31 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) منصوبے کا سنگ بنیاد 10سال قبل جولائی 2013 میں اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے رکھا۔ منصوبے کے آغاز میں ہی کہا گیا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہو گا جس سے پاکستان کی معیشت کو استحکام ملے گا اور عوام کے لیے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے جب کہ ملک کا انفرا سٹرکچر بھی بہتر ہو جائے گا۔

وی نیوز نے سی پیک منصوبے کے 10سال مکمل ہونے پر تحقیق کی کہ اس منصوبے میں کب کیا ہوا اور اس کے کون سے حصے کب مکمل کیے گئے۔

سال 2016

سی پیک منصوبے کا افتتاح تو جولائی 2013 میں کیا گیا تھا اور پہلی جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کی میٹنگ بھی اگست 2013 میں ہو گئی تھی تاہم منصوبے کا باقاعدہ آغاز سال 2015 میں ہوا۔ سال 2016 تک سی پیک کی جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹیوں کا اجلاس ہوتا رہا، اگست 2016 کو 1 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے قائد اعظم سولر پارک بہاولپور کا افتتاح کیا گیا۔

سال 2017

سی پیک کے بیشتر منصوبوں کا آغاز سال 2017 میں ہوا جب کہ بعض منصوبے 2017 میں مکمل کیے گئے، 1320 میگا واٹ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ 28 اکتوبر کو مکمل کیا گیا، 5 اپریل کو ٹھٹہ میں 50 میگا واٹ کا داؤد ہائیڈرو ونڈ فارم، اپریل اور جون میں 150 میگاواٹ کے سچل اور ٹھٹہ ونڈ فارم کا منصوبہ مکمل کیا گیا جب کہ 21 مارچ کو حب بلوچستان میں  1320 میگاواٹ کول فائر پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا، 13 اگست کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چینی نائب وزیراعظم نے توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر دستخط کیے، 24 ستمبر کو گوادر پورٹ اتھارٹی اور چینی کنسٹرکشن کمپنی کے درمیان گوادر ایکسپریس وے کا معاہدہ ہوا۔

سال 2018

سی پیک منصوبوں کی تکمیل کا عمل سال 2018 میں بھی جاری رہا، 1320 میگاواٹ بجلی کا پورٹ قاسم کول فائر منصوبہ 25 اپریل کو مکمل کیا گیا، جولائی میں خنجراب سے راولپنڈی 820 کلومیٹر کراس باڈر آپٹیکل فائبر کا جال بچھایا گیا، دسمبر 2018 میں لانگ ٹرم منصوبوں کا افتتاح کیا، جنوری میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گوادر فری زون کا افتتاح کیا اور گوادر میں انٹرنیشنل ایکسپو کا انعقاد کیا گیا، 26 مئی کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملتان سکھر موٹروے M-5 کے ملتان سے شجاع آباد سیکٹر کا افتتاح کیا۔

سال 2019

وزیر اعظم عمران خان نے 29 مارچ کو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھا، عمران خان نے 18 نومبر کو قراقرم ہائی وے فیز 2 کے حویلیاں مانسہرہ موٹروے کا افتتاح کیا، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار نے 5 نومبر کو ملتان سکھر موٹروے کا افتتاح کیا، 1320 میگاواٹ کا حب کول پاور پراجیکٹ منصوبہ 17 اگست کو، 660 میگاواٹ کا تھر کول پاور پراجیکٹ منصوبہ 10 جولائی کو مکمل کیا گیا۔

سال 2020

لاہور کے تاریخی منصوبے اورنج لائن میٹرو ٹرین کا افتتاح 25 اکتوبر کو کیا گیا، علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد کا سنگِ بنیاد وزیراعظم عمران خان نے 3 جنوری کو رکھا، قراقرم ہائی وے فیز 2 منصوبہ 28 جولائی کو مکمل کیا گیا، بوستان سپیشل اکنامک زون منصوبہ کا سنگ بنیاد 4 مارچ کو رکھا گیا۔

سال 2021

مٹیاری سے لاہور تک 660 کلو واٹ کی ٹرانسمشن لائن کا منصوبہ یکم ستمبر کو مکمل کیا گیا، آزاد کشمیر میں 720 میگاواٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 29 جون کو مکمل کیا گیا۔

سال 2022

گوادر ایکسپریس وے کا افتتاح 3 جون کو کیا گیا، ہکلا سے ڈی آئی خان موٹروے کا افتتاح 5 جنوری کو کیا گیا، 330 میگاواٹ کا تھر کول منصوبہ 30 ستمبر کو مکمل کیا گیا۔

سال 2023

رواں سال سی پیک منصوبے کے 10 سال مکمل ہونے پر بیجنگ اور اسلام آباد میں کیک کاٹا گیا، 1320 میگاواٹ کا تھر کول منصوبہ 5 فروری کو مکمل کیا گیا جبکہ 330 میگاواٹ کا تھل کول منصوبہ 13 فروری کو مکمل کیا گیا۔

10 سال میں کتنے منصوبے مکمل ہوئے؟

پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک منصوبے کو شروع ہوئے 10 سال ہو چکے ہیں، ان سالوں میں 29 منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں اور 29 ہی منصوبوں پر کام جاری ہے جب کہ 27 منصوبے ابھی زیر غور ہیں۔ سی پیک کے ذریعے توانائی کے 14، ٹرانسپورٹیشن کے 6، گوادر کے 4 جبکہ سوشل اور اکنامک ڈویلپمنٹ کے 5 منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔

سی پیک منصوبے سے عوام کو کیا فائدہ ہوا؟

وزارت منصوبہ بندی کے مطابق سی پیک منصوبے سے عام آدمی کو فائدہ ہوا ہے اور 1 لاکھ 92 ہزار عام پاکستانیوں کو نوکریاں دی گئی ہیں۔ ملک بھر کے مختلف علاقوں میں 510 کلو میٹر ہائی ویز بنائی گئیں جن سے ہزاروں مسافروں کی سفری مشکلات ختم ہو گئی ہیں۔ سی پیک منصوبے کے تحت ملک بھر کی 932 کلو میٹر روڈز کی تعمیر و مرمت کا کام مکمل کیا گیا ہے۔

لاہور میں اورنج لائن ٹرین منصوبے سے نہ صرف پاکستان نے انفراسٹرکچر میں ترقی کی ہے بلکہ یہ سہولت عوام کے لیے بھی انتہائی مفید ثابت ہو رہی ہے۔ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس کی بہتری کے لیے کراس باڈر آپٹیکل فائبر (خنجراب سے راولپنڈی، 820 کلومیٹر) کا جال بچھا دیا گیا ہے۔ توانائی کے منصوبوں سے 8 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہوا جس سے لوڈ شیڈنگ میں کمی ہو گئی ہے۔ پاکستان کو سی پیک منصوبے سے اب تک 17 ارب 55 کروڑ ڈالر کا ریونیو حاصل ہوا ہے، جبکہ چین نے 25 ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی ہے۔

چین نے پاکستان میں کتنی سرمایہ کاری کی ہے؟

پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) منصوبے کے آغاز سے قبل بہترین دوستی کے باوجود چین پاکستان میں سرمایہ کاری کے اعتبار سے 13ویں نمبر پر تھا جب کہ سی پیک منصوبے کے 3سال بعد پاکستان میں سب سے زیادہ بیرونی سرمایہ کاری چین کی تھی۔ 10سال میں چین نے پاکستان میں 25 ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی ہے اور سی پیک منصوبے سے پاکستان کو 17 ارب 55 کروڑ ڈالر کا ریوینیو حاصل ہو چکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp