دنیائے کرکٹ کے بڑے میلوں میں شمار کیے جانے والے پی ایس ایل کے نئے سیزن کا آفیشل ترانہ ریلیز کر دیا گیا۔
ہفتہ کو پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ترانہ ’سب ستارے ہمارے‘ شے گل، عاصم اظہر اور فارس شفیع نے گایا ہے۔
عبداللہ صدیقی کی پروڈکشن میں تیار کردہ ترانے کے ڈائریکٹر اویس گوہر اور ایگزیکٹو پروڈیوسر آمنہ ظفر، مصطفے ظفر اور طحہ رفیق ہیں۔
عبداللہ صدیقی، رامس علی، حسن علی، فارس شفیع اور عاصم اظہر کا تحریرہ کردہ ترانہ اپنی آفیشل ویڈیو کے ساتھ تین منٹ سے زائد طوالت رکھتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ ترانے کے بول، مناظر اور دیگر تفصیلات سامنے آئیں تو شائقین کرکٹ نے اس پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔
ٹوئٹر صارفین نے پی سی بی کی شیئر کردہ ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے گزشتہ ترانوں کو یاد کیا تو موقف اپنایا کہ ’علی ظفر کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔‘
It's proved that no one can beat Ali Zafar's level….#PSL2023 #PSLAnthem #PSL8 #HBLPSL8 #HBLPSL2023
— Farhan Khalil (@notsiana0) February 11, 2023
نیا ترانہ پسند کرنے والے فینز نے اقرار کیا کہ ’یہ توجہ مبذول کروانے والا اور طویل عرصے تک یاد رہنے والا ہے۔‘
پاکستان سپر لیگ کے سیزن کے آغاز سے قبل آفیشل ترانہ جاری کرنا ایک روایت بن چکا ہے۔ ماضی میں پی ایس ایل انتظامیہ ہی یہ کام کرتی تھی تاہم اب مختلف فنکار اپنے طور پر بھی قسمت آزمائی کرتے ہیں۔
طنز ومزاح کا سلسلہ شروع ہوا تو کچھ سوشل میڈیا صارفین نے دعوی کیا کہ ’نئے ترانے سے تو چاہت فتح علی خان کے پی ایس ایل سانگ کو زیادہ ویوز مل جائیں گے۔‘
پی ایس ایل 2023 کا ترانہ کسے پسند آیا اور کسی کی توقعات پوری نہ ہوئیں کی بحث کے دوران یہ رائے بھی دی گئی کہ ’تنقید کرنے والے توجہ حاصل کرنے کے لیے ایسا کر رہے ہیں۔ ترانہ اتنا بھی برا نہیں۔‘
People are just criticizing for the sake of criticism. The anthem is really nice, just the video could've been better but it was nice overall. #PSLAnthem #HBLPSL8 #HBLPSL2023
— Azhan (@iamAzhanArif) February 11, 2023
پاکستان سپر لیگ سیزن 8 میں پاکستانیوں کے ساتھ متعدد غیرملکی کھلاڑی بھی شریک ہو رہے ہیں۔ 13 فروری سے شروع ہونے والا ایونٹ 19 مارچ تک جاری رہے گا۔