ٹم ہارٹنز کے باہر لمبی قطاریں’ کیا ہم دیوالیہ ہونے والے ہیں ‘ ؟

اتوار 12 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مشہورکینیڈین کافی برانڈ ٹم ہارٹنز نے لاہور میں پہلے فلیگ شپ آؤٹ لیٹ کا افتتاح کیا تو گاہکوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر لمبی قطاروں کی تصاویر دیکھتے ہوئے صارفین اس کشمکش میں نظر آئے کہ کیا واقعی پاکستان دیوالیہ ہونے والا ہے؟ کیونکہ ٹم ہارٹنز نے ایسے وقت میں پاکستان میں آؤٹ لیٹ کھولا جب لوگ آئے روز بڑھتی ہوئی مہنگائی کی شکایت کر رہے ہیں۔

کچھ صارفین ایسے بھی تھے جنہوں نے سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے پاکستان میں طبقاتی تقسیم کو نمایاں کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے آٹے کی دکانوں پر لمبی قطاروں کی ویڈیوز کے ساتھ ساتھ ٹم ہارٹنز کے باہر لگی لمبی قطاروں کے کلپس شئیر کیے اور ملک کی سنگین معاشی صورتحال کو اجاگر کیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اس کافی برانڈ پر بے جا رش پر مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ جہاں کچھ لوگوں نے سٹور کے کھلنے کا جشن منایا۔ وہیں کچھ لوگوں نے اس کے بارے میں بہت پرجوش ہونے پر صارفین کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

سوشل میڈیا پر ٹم ہارٹنز کے پاکستان میں آنے اور شائقین کی گرمجوشی دیکھتے ہی دیکھتے بحث میں تبدیل ہوگئی۔ جہاں کچھ صارفین کا کہنا تھا ملکی معاشی حالات کے پیش نظر اتنے مہنگے کافی برانڈ پر لوگوں کا رش دو قومی نظریہ ہے کیونکہ ایسے بہت سے لوگ ہیں جو اس وقت آٹے کے لئے لمبی قطاروں میں لگے ہوں گے۔

صارف مونا جاوید لکھتی ہیں اس طبقاتی تقسیم نے ملک میں انتہائی بے چینی پیدا کر دی ہے۔ مہنگے کینیڈین “کافی برانڈ Tim Hortons” کی “اوپننگ” پر لگی قطار اور عالمی ریکارڈ یافتہ فرسٹ ڈے سیل ۔۔ اس ڈیفالٹ ہوتے ملک کی طرف دیکھیں، ایک طرف سستے آٹے کی لائنیں اور دوسرے طرف یہ لائن ۔۔

گفتگو آگے بڑھی تو ایسے نوجوان بھی گفتگو کا حصہ بنے جو ملکی معاشی حالت کی وجہ سے ملک سے باہر جانا چاہتے تھے لیکن جا نہیں سکے۔ لکھا کینیڈین ویزا نہ سہی، کینیڈین ٹم ہارٹنز ہی سہی۔

جہاں صارفین شائقین کو مہنگی کافی خریدنے پر تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے وہی کچھ ایسے صارفین بھی تھے جنہیں تنقید مضحکہ خیز لگی۔ ان کے مطابق اگر کوئی کافی خریدنے کی استطاعت رکھتا ہے تو اس میں مضائقہ نہیں۔ ایک صارف نے لکھا پاکستان میں چھوٹی چھوٹی خوشیاں۔

گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کینیڈا والے خود سٹار بکس پیتے ہیں ہمیں ٹم ہارٹنز پر لگا دیا ۔

تنقید اور طنز و مزاح کے درمیان کچھ صارفین ایسے بھی تھے جو سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں غیر ملکی برانڈز کی جانب سے کاروبار کا رجحان پاکستانی معیشت کے لیے ایک اچھا اشارہ ہے ۔

یاد رہے کہ ٹم ہارٹنز ایک کینیڈین کافی برانڈ ہے جس نے لاہور میں بلیو فوڈز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ ایک خصوصی معاہدے کے تحت شروع کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp