ناسا کی خلائی گاڑی تاحال لاپتا، اربوں کلومیٹر دور بھٹکنے میں مشغول

منگل 1 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کی خلائی گاڑی ’وویجر 2‘ لاپتا ہوگئی جسے امریکی قومی خلائی ادارہ ناسا ڈھونڈنے میں مصروف ہے۔

روزنامہ دی گارجین کے مطابق ناسا نے اپنی خلائی گاڑی کو غلط کمانڈ بھیجی تھی جس کے بعد سے وہ خلا میں بھٹک رہی ہے۔

لاپتا خلائی گاڑی کی تلاش کے لیے ناسا کی ٹیم کینبرا میں نصب دیو ہیکل سیٹلائٹ ڈش اینٹینا کی مدد حاصل کرنے کے لیے آسٹریلیا  پہنچ گئی ہے۔

ناسا کا کہنا ہے کہ مذکورہ ڈش اینٹینا کی مدد سے 19 ارب کلو میٹر کی مسافت  پر موجود، خلائی گاڑی سے سگنل پکڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ خلائی گاڑی کے سگنلوں کو دنیا تک پہنچنے میں 18 گھنٹے سے زیادہ وقت لگے گا۔

خلائی ادارے کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری آئندہ ہفتے کینبرا ڈش اینٹینا کی مدد سے وویجر 2 کو بھاری سگنل بھیجے گی تاہم ناکامی کی صورت میں ناسا اکتوبر میں خلائی گاڑی کے رابطہ نیٹ ورک  کو زیرو کر کے آٹومیٹک شکل میں ٹھیک ہونے کا انتظار کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ 24 ارب کلومیٹر مسافت پر موجود وویجر 1 کے ساتھ ناسا کا رابطہ جاری  ہے۔ گزشتہ ہفتےغلط کمانڈ بھیجے جانے کے بعد وویجر 2 کا اینٹینا اپنی جگہ سے 2 فیصد کھسک گیا جس سے ناسا کا اس سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp