پی این ایس طارق کی لانچنگ، وزیر اعظم کا نیوی جوانوں کو 20 کروڑ روپے انعام

بدھ 2 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں پاک بحریہ کے لیے جہاز پی این ایس طارق کی لانچنگ تقریب ہوئی، ملجم کلاس جہاز پی این ایس طارق کی لانچنگ کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے نائب صدر مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے، وزیر اعظم نے نیوی جوانوں کو 20 کروڑ روپے کا انعام بھی دیا۔

کراچی میں جاری تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور نیول چیف ایڈمرل امجد علی خان نیازی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے پی این ایس طارق کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی این ایس طارق چوتھا بحری جہاز ہے جو پاکستان اور ترکیہ نے مل کر تیار کیا ہے، دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مذہبی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات سے منسلک ہیں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ یہ اسٹریٹجک تعاون بڑھانے کا بہترین وقت ہے، دونوں ممالک ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے، سی پیک کامیابی اور ترقی کا راستہ ہے امید کرتے ہیں ترکیہ بھی اس سے مستفید ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ 2010 میں بھی اور گزشتہ سال بھی ترکیہ نے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا، سیلاب کے دوران ترکیہ نے کھل کر پاکستان کی مدد کی۔

وزیر اعظم نے پاکستان نیوی کے جوانوں کے لیے 20 کروڑ روپے تحفے میں دینے کا اعلان بھی کیا۔

ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہوتے جا رہے ہیں، سیلاب کے دوران جس طرح ترکیہ نے پاکستان کی مدد کی اسی طرح پاکستان نے زلزلے کے دوران ترکیہ کا بھرپور ساتھ دیا۔

انہوں نے کہاکہ ترکیہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے موقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے، ترکیہ اور پاکستان کو سرحد پار سے دہشتگردی کا سامنا ہے، ہم ہر طرح کی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں کیونکہ یہ عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔

نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ترکی کے نائب صدر، وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر مہمان گرامی کو پی این ایس طارق کی لانچنگ تقریب میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آج کا دن پاکستان نیوی کے لیے تاریخی ثابت ہوگا، پی این ایس طارق پاکستان کے دفاع کے لیے کارگر ثابت ہوگا۔

 واضح رہے یہ بحری جہاز سطح آب سے میزائلوں اور مین گن سے اہداف کا پتہ لگا کر حملے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جہاز جدید ترین سینسر، جارحانہ اور دفاعی ہتھیار سے لیس ہے۔

جدید بحری جہاز پی این ایس طارق، ہیلی کاپٹر کے ذریعے آپریشنز کرنے کی صلاحیت اور کیم کاپٹر سے بھی لیس ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp