ترجمان وزارت صحت کے مطابق حکومت کی مربوط حکمت عملی کے تحت وائرس کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے ۔لاہور میں وائرس کی تصدیق کے بعد ملک کے 39 اضلاع میں خصوصی انسداد پولیو مہم 13 سے 17 فروری تک چلائی جائے گی ۔
وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کہتے ہیں60 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مہم کا آغاز ہو رہا ہے۔30 اضلاع میں جزوی مہم چلائی جائے گی۔ پنجاب کے دو اضلاع لاہور اور فیصل آباد میں بھی مجموعی طور پر مہم ہوگی۔
جنوبی خیبرپختونخوا کے سات اضلاع بنوں، ڈی آئی خان، ٹانک، لکی مروت، شمالی وزیرستان، بالائی جنوبی وزیرستان اور زیریں جنوبی وزیرستان شامل ہیں ۔
سرحد پار کسی بھی طرف پولیو وائرس دونوں ممالک کے بچوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ سردیوں میں پولیوکا وائرس کمزور ہو جاتا ہے۔ پولیو وائرس کا پھیلاو روکنے کے لیے کامیاب مہمات کا سلسلہ جاری ہے ۔ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو مستقل معذوری سے بچانے کے لیے حفاظتی قطرے پلانا ہوں گے ۔
عبدالقادر پٹیل نے مزید کہا پولیو کا خاتمہ ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ پولیو کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے والدین کا تعاون ضروری ہے ۔ والدین کی مدد کے بغیر یہ جنگ نہیں جیتی جاسکتی۔