پاکستان کے دوست ملک چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کے 96 برس مکمل ہونے پر پاک فوج کے جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سیّد عاصم منیر تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ تقریب میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے اس تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات منفرد اور مضبوط ہیں، ہمارے تعلقات نے تمام چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کیا ہے۔
سربراہ پاک فوج نے چین کی سلامتی، دفاع اور تعمیر میں پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے کردار کو بھی سراہا ہے۔
اس موقع پر تقریب میں شریک چین کے ناظم الامور نے کہا کہ پاکستان اور چین کے اسٹریٹجک تعاون پر مبنی تعلقات آزمائش کی ہر گھڑی میں پورا اترے ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات نے عالمی منظر نامے کو ہی بدل دیا ہے۔
چینی ناظم الامور کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی جانب سے پاک چین اقتصادی راہداری ’سی پیک‘ کی سالگرہ تقریب بھی مشترکہ طور پر منائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر اور دیگر عسکری رہنماؤں کی جانب سے چین کے کامیاب دورے کیے گئے ہیں جن کی وجہ سے دونوں افواج کے درمیان تعلقات کو بھی مزید فروغ ملا ہے۔