چند ماہ قبل یورپ کے ملک پرتگال سے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ روانہ ہونے والا سیاح نونو کاسٹینرا جمعرات کو ایرانی سرحد سے بلوچستان کے ضلع چاغی میں داخل ہوا جہاں چاغی سے کوئٹہ جاتے ہوئے یک مچھ تالو کے مقام پر نونو کاسٹینرا کی ہیوی بائیک سامنے سے آنے والی ایرانی ساختہ زمباد گاڑی سے ٹکرا گئی
حادثے کے نتیجے میں پرتگالی سیاح زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے فوری طور پر چاغی کے ضلعی ہیڈ کوارٹر دالبندین کے سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

ڈپٹی کمشنر چاغی حسین جان بلوچ کے مطابق 28 سالہ سیاح نونو کاسٹینرا جمعرات کو ایرانی سرحد سے منسلک علاقے تفتان کے راستے اپنے 2 ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان میں داخل ہوا، اس موقع پر سرحد کی انتطامیہ نے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا جس پر سیاحوں کو سیکیورٹی فراہم کی گئی۔
چاغی سے کوئٹہ جاتے ہوئے پرتگالی سیاح کی موٹر سائیکل ایرانی ساختہ زمباد گاڑی سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے پریگالی سیاح ہلاک ہوا۔
واقعہ کے بعد سیاح کی میت کو سرکاری ایمبولنس میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ روانہ کردیا گیا جہاں سول ہسپتال میں ان کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا۔ جب کہ حادثے سے متعلق پرتگال کے سفارت خانے کو خط بھی لکھا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق واقعہ کا مقدمہ درج کرکے گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق موٹرسائیکل پر سفر کرنے والے سیاحوں کو لیویز کی گاڑی سے آگے تھے، تاہم یہ رویہ سڑک پر موٹر سائیکل سوار غلط لائن میں بائیک چلا رہا تھا جس کی وجہ سے حادثہ رونما ہوا۔
28 سالہ نونو میگائل کاسٹینرا 50 سے زائد ممالک میں اپنی موٹر بائیک پر سفر کر چکا ہے۔