کشمیر کا مسئلہ مسلمانوں یا ہندوؤں کا نہیں بلکہ کشمیریوں کا ہے، قمر زمان کائرہ

جمعہ 4 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے امور کشمیر  اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیر کا بہتر وکیل ثابت ہو سکتا ہے، ہمیں اپنی نسلوں کو بھی کشمیر میں ہونے والے استحصال کے بارے میں بتانا چاہیے تاکہ وہ کشمیر کا مقدمہ بہتر طور پر لڑ سکے۔

یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے  امور کشمیر قمرزمان کائرہ نے کہا کہ 2019ء میں آج ہی کے دن بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت ختم کر دی تھی، مقبوضہ کشمیر میں مسلمان پر بھارتی فوج کے استحصال کے بارے میں دنیا کو تو ہم نے بتانا ہی ہے لیکن ہم نے اپنی نسلوں کو بھی اس استحصال کے بارے میں بتانا ہے تاکہ کل وہ کشمیر کا مقدمہ بہتر طریقے سے لڑ سکے۔

مشیر امور کشمیر نے کہا کہ اگر پاکستان معاشی مسائل میں الجھ جاتا ہے تو کشمیر سمیت بہت سارے مسائل پیچھے ہو جاتے ہیں جو نہیں ہونے چاہئیں۔ جوں جوں پاکستان میں سیاسی و معاشی استحکام آئے گا تو ہم پاکستان کا مقدمہ بہتر طور پر لڑنے کی پوزیشن میں ہوں گے، ساری جماعتوں کا مسئلہ کشمیر پر مؤقف ایک ہی ہے، پاکستان کے عوام کشمیر کے ضامن ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ صرف ہندوؤں یا مسلمانوں کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک فکری تحریک ہے، یہ کشمیر کا مسئلہ ہے وہاں دیگر مذاہب بھی ہیں، ہمیں ان سب کی بات کرنی چاہیے، تو ہمیں دنیا کو بتانا چاہیے کہ یہ پورے کشمیریوں کا مسئلہ ہے جس میں ہندو، مسلمان اور سکھ بھی ہیں، باقی لوگ بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کشمیر کا بہتر وکیل اور بہتر دلیل دے سکتا ہے، پاکستان تبھی کشمیر کا مقدمہ بہتر طور پر لڑ سکتا ہے جب اپنے پاؤں پر کھڑا ہو گا، دنیا ہماری بہتر بات سن سکے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp