پشاورہائیکورٹ کےحکم پر رنگیز خان بازیاب، اسد قیصراور انورتاج کو بھی ریلیف

جمعہ 4 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد ابراہیم خان نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ سابق اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر، سابق اراکین اسمبلی رنگیز خان اور انور تاج کو کسی بھی کیس میں گرفتار نہ کیا جائے۔

عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ اسد قیصر، رنگیز خان اور انور تاج مردان کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوں۔

قبل ازیں پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے رنگیز خان کو حراست میں لیے جانے اور دیگر رہنماؤں کی ممکنہ گرفتاری پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ چھٹی پر ہونے کے باوجود عدالت پہنچ گئے تھے اور رنگیز خان کو آدھےگھنٹے میں عدالت پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

علاوہ ازیں اسد قیصر نے جمعے کو ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری عدالت کے باہر پہنچ گئی تھی اور اسد قیصر گرفتاری سے بچنے کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں محصور ہو گئے تھے۔

تینوں درخواست گزاروں کے خلاف 6 مقدمات درج ہیں۔ پشاور ہائیکورٹ نے جمعے کو ان رہنماؤں کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے سماعت 15 اگست تک ملتوی کردی تھی۔

اسد قیصر پولیس اور دیگر اداروں کی جانب سے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے صبح سے ہی ہائی کورٹ میں موجود رہے اور 15 اگست تک عبوری ضمانت ملنے کے باوجود ہائی کورٹ کے احاطے سے کافی دیر تک باہر نہیں نکل رہے تھے۔ ان کا موقف تھا کہ ان کے ساتھی اور سابق ایم پی اے رنگیز خان کو ’ہائی کورٹ کے احاطے‘ سے گرفتار کیا گیا ہے جب کہ انہیں بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔ رنگیز خان کی گرفتاری کے حوالے سے ایڈوکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ یہ کام اینٹی کرپشن نے کیا ہے۔ چیف جسٹس نے انہیں ہر حال میں عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اسد قیصر عدالت سے روانہ ہوتے ہوئے،

رنگیز خان کی گرفتاری پر چیف جسٹس برہم، چھٹی کے باوجود عدالت پہنچ گئے

اسد قیصر کی عبوری ضمانت کے لیے ہائی کورٹ آنے والے سابق ایم پی اے رنگیز خان کو گرفتار کیا گیا جس پر اسد قیصر واپس عدالت پہنچ گئے۔ بات چیف جسٹس تک پہنچ گئی حالاں کہ وہ چھٹی اور اپنی رہائش گاہ پر تھے لیکن وہ سماعت کے لیے عدالت پہنچ گئے۔

عدالتی حکم پر سی سی پی او پشاور عدالت میں پیش ہوئے۔ اے جی عامر جاوید نے عدالت کو بتایا سابق ایم پی اے کو اینٹی کرپشن نے گرفتار کیا ہے اور ان کے خلاف ایف آئی درج بھی درج ہے۔

اینٹی کرپشش افسر نے رنگیز خان کو عدالت میں پیش کردیا

چیف جسٹس نے حکم دیا تھا کہ رنگیز خان کو پیش کیا جائے اور جب تک انہیں پیش نہیں کیا جاتا وہ وہیں بیٹھے رہیں گے جس کے بعد عدالت کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے اینٹی کرپشن نے رنگیز احمد کو عدالت میں پیش کر دیا۔

اینٹی کرپشن افسر کی توبہ اور آئندہ ایسا نہ کرنے کا وعدہ

محکمہ اینٹی کرپشن کے انوسٹی گیشن افسر نے رنگیز خان کو (پشاور ہائیکورٹ کے ایک اور جج کی جانب سے) ضمانت مل جانے کے باوجود گرفتار کرنے پر چیف جسٹس سے معافی مانگی، توبہ کی اور کلمہ پڑھ کر وعدہ کیا کہ آئندہ وہ ایسا ہرگز نہیں کریں گے۔

رنگیز خان کو پیش نہ کیا جاتا تو آج ہی استعفی دے دیتا۔ چیف جسٹس

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ محمد ابراہیم کا کہنا تھا کہ اس عدالت کے فیصلے کی کیوں خلاف ورزی کی گئی۔

انہوں نے کاہ کہ ہائی کورٹ کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے اگر قانون کی پاسداری نہیں ہو گی تو پھر تو یہ جنگل کا قانون ہوگا اگر آئندہ ایسا کچھ ہوا تو ایڈوکیٹ جنرل اور سب گھر جائیں گے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اگر میں کسی کو انصاف نہیں دے سکتا تو مجھے اس کرسی پر بیٹھنے کا حق نہیں اور اگر آج رنگیز کو پیش نہ کیا جاتا تو میں آج ہی اپنے عہدے سے استعفی دے دیتا۔

اسد قیصر، رنگیز خان اور انور تاج کو خیبر پختونخوا میں کسی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے عدالت نے تمام درخواست گزاروں کو 15 اگست کو متلعقہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی۔

اسد قیصر پی ٹی آئی نہ چھوڑنے اور انتخابات لڑنے کے لیے پر عزم

چیف جسٹس کی جانب سے پولیس کو گرفتاری سے روک دینے کے بعد اسد قیصر بھی عدالت سے روانہ ہوگئے۔ قبل ازیں عدالت کے احاطے میں وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ حالات خواہ کتنے جنتے ہی مشکل کیوں نہ ہوں وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نہیں چھوڑیں گے اور اس کی جانب سے آئندہ انتخابات میں بھی ہر حال میں حصہ میں لے گے۔

سخت حالات میں پارٹی کے ساتھ ہیں

چیف جسٹس کے کورٹ روم میں وی نیوز کے ساتھ غیر رسمی گفتگو میں اسد قیصر نے بتایا کہ ان کو گرفتار کیا جا رہا ہے تاہم وہ ڈرنے والے نہیں اور نہ ہی پارٹی چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سخت وقت بھی آخر کار گزر ہی جائے گا۔

اسد قیصر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ انتخابات میں بلے پر ہی ٹھپے لگیں گے اور وہ خود بھی ہر حال میں الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ورکرز اور قائدین ڈٹ کر کھڑے ہیں اور پیچھے ہٹنے والے نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیگر کی طرح وہ بھی عمران خان کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔

پرویز خٹک اور محمود خان نے اپنے ساتھ ظلم کیا

اسد قیصر نے کچھ دیرینہ ساتھیوں کی جانب سے مشکل حالت کا مقابلہ کرنے کی بجائے پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ دینے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرویز خٹک اور محمود خان نے خود کے ساتھ ظلم کیا ہے۔

اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذکورہ لیڈروں کی پارٹی چلنے والی نہیں ہےپی ٹی آئی ورکرز پارٹی چھوڑنے والوں سے شدید نفرت کر رہے ہیں اب ایسے میں ان افراد کو ووٹ نہیں ملے گا۔

اس قیصر نے کہا کہ کچھ لوگوں کو غلط فہمی ہے کہ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی نہیں ہو گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ کسی کے لیے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔

قانون کی حکمرانی نہیں ہے

اسد قیصر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کو ایک کیس میں رہائی کے بعد دوسرے میں گرفتار کیا جاتا ہے اور ضمانت ملنے کے باوجود اب انہیں بھی گرفتار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں ہے تاہم وہ قانون کے دائرے میں رہ کر حالات کا مقابلہ کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp