سینیٹ اجلاس: جے یو آئی اور پی ٹی آئی کا شدید احتجاج

اتوار 6 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جمیعت علماء اسلام جے یو آئی (ف) کے سینیٹرز نے ڈیجیٹل مردم شماری میں بلوچستان کی آبادی کم دکھانے پر احتجاجاً سینیٹ سے واک آؤٹ کر گئے دوسری جانب پی ٹی آئی سینیٹرز نے بھی عمران خان کی گرفتاری پر ردعمل میں احتجاج کیا۔

 سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے حکومتی اتحادی جماعت جے یو آئی (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے گزشتہ روز سی ای سی اجلاس میں منظور کی گئی ڈیجیٹل مردم شماری میں بلوچستان کی آبادی کم دکھانے پر شدید احتجاج کیا اور ایوان سے واک آؤٹ کر گئے جنہیں بعد ازاں وزیر قانون اعظم تارڑ منا کر واپس ایوان میں لائے۔

کامران مرتضیٰ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پر بم گرا کر 64 لاکھ کی آبادی کم کر دی گئی، ان سے ہماری سیٹیں بڑھنا برداشت نہیں ہوا۔ اس پر ہم حکومت اور ریاست کا بہت بہت شکریہ ادا کرتے ہیں لیکن یہ کل کو بہت بڑا مسئلہ بن کر ابھرے گا۔

جے یو آئی سینیٹر نے مزید کہا کہ میرے صوبے کی آبادی بڑھنے کے بجائے کم ہو گئی ہے۔ آبادی بڑھنے کے ساتھ میرے صوبے کی اسمبلی نشستوں میں اضافہ ہونا تھا لیکن بلوچستان کی 7،5 سیٹیں بڑھ جاتیں تو کیا ہو جاتا؟ یہ سیٹیں آپ کو ہی مبارک ہوں میں احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کرتا ہوں جس کے بعد وہ وہاں سے چلے گئے۔

اس موقع پر اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے دیگر سینیٹرز نے بھی واک آؤٹ کیا بعد ازاں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ گئے اور انہیں منا کر واپس ایوان میں لائے۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کل مشترکہ مفادات کونسل کی میٹنگ میں جمیعت علمائے اسلام کے رہنماء مولانا اسعد محمود موجود تھے، 4 گھنٹے تک تفصیلی بریفننگ ہوئی ہے، بلوچستان کی آبادی سب سے زیادہ 3.4 فیصد بڑھی ہے۔

پی ٹی آئی سینیٹر سیف اللہ آبڑو نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے بڑے لیڈر عمران خان کو سیشن جج کے فیصلے پر (12 بج کر 44 منٹ پر فیصلہ آیا، 1 بج کر 10 منٹ پر) گرفتار کر لیا گیا، ایک بج کر 27 منٹ پر اسلام آباد پولیس بھی پہنچ گئی، کیا پولیس کو الہام ہوا تھا۔

انہوں نے کہاکہ فیصلہ سنانے والے جج کو فیصلہ دیا گیا جو اس نے پڑھ کر سنایا، جج نے وکیل کو بھی نہیں سنا، اور اسی شام جج کو انعام دیا گیا اور برطانیہ ٹریننگ کے لیے بھیج دیا۔

انکا کہنا تھاکہ جس ٹریننگ کے لیے جج فیضان حیدر کو بھیجا جانا تھا ہائیکورٹ نے اس جج ہمائیوں دلاور کو بھیج دیا، حکومت کی یہ خواہش تھی کہ عمران خان کو نااہل کرنا ہے وہ الیکشن جیت جائیں گے، لیکن یہ حکومت کی بھول ہے، عوام آئندہ انتخابات میں اس حکومت کو نکال باہر پھینک دیں گے۔

سینیٹر سیف اللہ آبڑو نے کہا کہ وزیر دفاع ہمیں طعنہ دیتا ہے کہ بھٹو صاحب کو پھانسی کی سزا سنائی گئی تو لوگوں نے آگ لگائی، میں کہتا ہوں لگانی چاہیے تھی بھٹو صاحب لیڈر ہی ایسے تھے، لیکن آپ لوگ بے شرمی سے زندہ کیوں ہیں، جب نواز شریف کو گرفتار کیا گیا تو آپ لوگوں نے خود کو آگ کیوں نہیں لگائی؟

انہوں نے کہاکہ اب آپ لوگوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ مل گئی ہے، اب الیکشن لڑ لیں، ان لوگوں کا دل ہے کہ ایسی ترمیم کی جائے کہ سب پارٹیاں مل کر الیکشن لڑ لیں اور پی ٹی آئی کو الیکشن سے باہر کر دیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp