پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارتی حجم 1.8 بلین ڈالر سے تجاوز کر گیاہے، محمد اظہر مزلان

اتوار 6 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر محمد اظہر مزلان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سالانہ دوطرفہ تجارت کا حجم 1.8 بلین ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے اور دونوں ممالک متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری میں تعاون اور اپنی تجارت کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ملائیشین ٹیکنیکل کوآپریشن پروگرام (ایم ٹی سی پی )کے پاکستان کے سابق شرکا کے اعزاز میں ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملائیشیا کے ہائی کمشنر اظہر مزلان نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارتی حجم کو سالانہ 10 بلین ڈالر تک بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے۔

اظہر مزلان نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا دونوں بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) میں پارٹنر ہیں اس لیے دونوں کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بی آر آئی فریم ورک کے تحت چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پی ای سی) پر عمل درآمد کر رہا ہے۔

ہائی کمشنر نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے اور باہمی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی متعلقہ طاقتوں کو بروئے کار لانے پر یقین رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مل کر شاندار نتائج حاصل کر سکتے ہیں اور ملائیشیا اور پاکستان دونوں کے لیے ایک روشن مستقبل بنا سکتے ہیں۔ہائی کمشنر نے ایم ٹی سی پی کی تاریخ اور 1980 میں اس کے آغاز سے لے کر اب تک کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی جس کے 43 سال متاثر کن ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت تقریباً 764 پاکستانی اہلکاروں نے مختلف اہم شعبوں میں تربیت حاصل کی ہے جن میں قوم سازی، انسداد بدعنوانی، اسلامی مالیات، ٹیکسیشن، انسداد دہشت گردی اور گڈ گورننس شامل ہیں۔

ہائی کمشنر نے اس پروگرام کو ملائیشیا کی خارجہ پالیسی کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے تاریخی تعلقات ہیں۔ ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان باضابطہ دوطرفہ تعلقات 1957 میں ملائیشیا کی آزادی کے بعد سے شروع ہوئے اور اس کے بعد سے ان میں مزید مضبوطی آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات متعدد شعبوں میں پھیلے ہوئے ہیں، جس میں ثقافت اور سیاحت، تعلیم، دفاع، انسانی وسائل کی ترقی، تجارت اور سرمایہ کاری پر تکنیکی مدد شامل ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان اہم تعلیمی تعلقات کا اعتراف کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے انکشاف کیا کہ اس وقت ملائیشیا نے تقریباً 5000 پاکستانی طلباء کو اسکالر شپ دے رکھی ہے۔

ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور خاص طور پر کاروباری شعبہ میں شراکت داری کے فروغ پر بھی زور دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp