1لاکھ 70 ہزار میں سولر پینل سسٹم کیسے لگوایا جا سکتا ہے؟

پیر 7 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مہنگی بجلی سے نہ صرف کاروباری طبقہ بلکہ گھریلو صارفین بھی کافی پریشان ہیں۔ بجلی کے بڑھتے نرخوں کی وجہ سے بلوں کی ادائیگی مشکل ہو چکی ہے۔ جس کے باعث ہر کوئی یہی چاہتا ہے کہ وہ گھر میں سولرپینل سسٹم لگوائے۔

اکثر لوگ ’سولر پینل سسٹم ‘ لگوانے میں اس لیے گھبراتے ہیں کہ شاید لوگ سمجھتے ہیں کہ سولر پینل سسٹم کے لیے کم از کم 8 سے 10 لاکھ درکار ہوں گے لیکن ایسا نہیں ہے ایک عام سیٹ 2 لاکھ میں بھی لگوایا جا سکتا ہے۔

راولپنڈی کے ایک رہائشی فیضان علی نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بجلی کے بلوں سے تنگ آکر حال ہی میں اپنے گھر سولر پینل سسٹم لگوایا ہےکیونکہ میرے لیے اپنی آمدن میں سے بجلی کے بل ادا کرنا ناممکن ہو چکا تھا۔

سولر پینل سسٹم لگوانے کے بعد بجلی بلوں سے چھٹکارا مل گیا: فیضان علی

 انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں سولر پینل سسٹم لگوانے کی تجویز ان کے ایک دوست نے دی مگر بعد میں یہ ثابت ہوا کہ ان کے لیے دوست کی یہ تجویز بہت اچھی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں فیضان علی نے کہا کہ ان کا 4 کمروں کا مکان ہے۔ جس میں 4 پنکھے اور 6 لائٹیں ہیں جب کہ میرا سولر پینل سسٹم 2 سولر پلیٹوں، بیٹری اور انورٹر پر مشتمل ہے۔

2 پلیٹوں والے سولر پینل سسٹم پر تقریباً 1 لاکھ خرچ ہوئے: فیضان علی

فیضان علی مزید بتاتے ہیں کہ ’سولر کی 2 پلیٹیں تقریباً 90 ہزار روپے تک آئیں جب کہ بیڑی، انورٹر اور تاروں کو ملا کر سب تقریباً 1 لاکھ تک خرچ آیا مگر سولر پینل سسٹم لگوانے کے بعد بجلی کے بل سے تقریباً جان چھوٹ گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ’اب بل آتا ہے مگر پہلے کی طرح نہیں، پہلے کبھی 10 ہزار کبھی 12 ہزار آتا بل آتا تھا، مگر اب زیادہ سے زیادہ 2 ہزار روپے بجلی بل آجاتا ہے۔‘

 

محمد احسن راولپنڈی کمیٹی چوک کے رہائشی ہیں، انہوں نے بتایا کہ مہنگائی کی بڑھتی شرح نے ان گھر کے حالات کو بہت متاثر کر دیا ہے ’ گھر میں تقریباً 10 لوگ ہیں میں اور بڑا بھائی کماتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم دونوں بھائی کی ملا کر ماہانہ آمدنی تقریباً 1 لاکھ کے لگ بھگ بنتی ہے۔ جس میں 10 لوگوں کا کھانا ہی پورا کرنا مشکل ہو گیا ہے۔

بجلی کا بل تکلیف دہ احساس بن گیا تھا: محمد احسن

 ان کا کہنا تھا کہ دوسری طرف حکومت آئے روز بجلی کے بلوں میں اس قدر اضافہ کر رہی ہے کہ غریب کے لیے گرمی کے اس موسم میں پنکھے کی ہوا لینا بھی تکلیف دہ احساس بن جاتی ہے، بجلی کے بلوں سے شدید تنگ آکر ہم نے اپنے گھر سولر پینل سسٹم لگوانے کا فیصلہ کیا تو تب سے کم از کم زندگی میں ایک پریشانی تو کم ہو چکی ہے۔‘

4 پلیٹوں والے سسٹم پر 3 لاکھ تک خرچ آئے: محمد احسن

محمد احسن نے مزید بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 4 پلیٹوں والا سولر پینل سسٹم لگوایا جس پر ان کے تقریباً 3 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ اس پورے سسٹم میں 4 سولر پلیٹیں، 2 بیٹریاں اور 1 انورٹر اور تاریں شامل ہیں۔

محمد احسن نے بتایا کہ وہ تقریباً گزشتہ 10 ماہ سے سولر پینل سسٹم استعمال کر رہے ہیں،جس کے بعد ان کے بجلی کے بلوں میں بہت زیادہ کمی آگئی ہے۔

ایک سوال پر محمد احسن کا کہنا تھا کہ 210 ایمپئر بیٹری والے اس سولر پینل سسٹم سے اب  گھر میں 5 پنکھے، 5 لائیٹیں، روم کولر، استری، ٹی وی سمیت گھر کی دیگر مزید چند چیزیں چلتی ہیں۔

بجلی کے بل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پہلے ان کے گھر کا بجلی بل 15 ہزار سے زیادہ آیا کرتا تھا مگر اب 3 یا 4 ہزار آتا ہے جو کہ تیسرے حصہ سے بھی کم ہے۔

سیکٹر جی 12 میں بجلی نہیں، سولر پینل سسٹم سے نظام چلاتے ہیں: کرن فاطمہ

کرن فاطمہ جن کا تعلق اسلام آباد کے سیکٹر جی 12 سے ہے، بتاتی ہیں کہ آج سے قریباً 3 سال قبل انہوں نے گھر میں سولر پینل سسٹم 60 ہزار روپے میں لگوایا تھا۔ وہ کہتی ہیں کہ انہوں نے  100 ایمپئر پاور والی بیٹری اور 2 پلیٹیں لگوا رکھی ہیں۔ جس میں ان کے 2 پنکھے، 2 بلب اور 1 چھوٹا ایگزاسٹ فین چل جاتا ہے۔ وہ کہتی ہیں چونکہ جی 12 میں بجلی نہیں ہے اس لیے ان کے لیے تو سولر پینل سسٹم ایک بہت بڑی سہولت ہے۔

سولر پینل سسٹم کے کاروبارسے 7 برسوں  سے وابستہ الیکٹرک سلیوشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد حمزہ رفیع نے وی نیوز کو بتایا کہ سولر پینل سسٹم کی مختلف اقسام ہوتی ہیں آج جتنے بھی چھوٹے سسٹم ہیں یہ ہائیبرڈ سسٹم کہلاتے ہیں جس میں بیک اَپ کا آپشن موجود ہوتا ہے اور یہ اسی پر چل رہے ہوتے ہیں۔

سولر پینل سسٹم ’یو پی ایس‘ کی طرح ہی کام کرتا ہے: محمد حمزہ

 محمد حمزہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ سسٹم بلکل ایسے ہی کام کر رہا ہوتا ہے جیسے یو پی ایس کام کرتا ہے۔ جس کے لیے کم از کم 2 پلیٹیں، 1 انورٹر اور 1 چھوٹی بیٹری کی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں یہ سسٹم 1 کلو واٹ سے شروع ہو کر 10 میگا واٹ تک جاتے ہیں اور بڑے گھر یعنی 10 مرلے سے لے کر 1 کنال کے گھر کے لیے تقریباً 10 سے 15 کلو واٹ تک کی ضرورت ہوتی ہے۔

چھوٹے سولر پینل سسٹم پر 1 لاکھ 70 ہزار روپے تک کی لاگت ضرور آتی ہے: محمد حمزہ

ایک سوال کے جواب میں محمد حمزہ نے بتایا کہ ان کے خیال میں سب سے چھوٹے سولر پینل سسٹم کے لیے کم از کم 1 لاکھ 70 ہزار روپے تک کی لاگت ضرور آتی ہے، مگر جو 60 ہزار روپے میں سسٹم لگوانے کی بات کرتا ہے تو پھر یہ سسٹم محض 1 کلو واٹ سے بھی کم کا ہے۔ جس پر تقریباً 2 پنکھے اور 1 سے 2 لائٹیں جل سکتی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس میں اکثر ایسا ہوتا ہے کہ اس طرح کے سولر پینل سسٹم استعمال کرنے والے افراد دوپہر کے وقت واپڈا کا کنیکشن منقطع کر دیتے ہیں اور ڈائیریکٹ کرنٹ پروڈیوس کرتے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں محمد حمزہ نے بتایا کہ کسی حد تک اس طرح کے سسٹم کار آمد ہوتے ہیں۔ اس طرح کے سسٹم سے یہ ہوتا ہے کہ بس روزمرہ کی ضرورت پوری ہو جاتی ہے۔ باقی بارش یا پھر بادلوں کی صورت میں مسئلہ ہو سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp