نگراں وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی اپنے وفد کے ہمراہ تاشقند کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے جدید کاٹن فیکٹری اور کاٹن فیلڈز کا دورہ کیا ہے، محسن نقوی نے کاٹن فیکٹری میں جدید مشینری کا معائنہ کیا اور کاٹن کی پراسیسنگ کاجائزہ لیا۔
وزیراعلٰی محسن نقوی نے کاٹن فیکٹری میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا مشاہدہ کرتے ہوئے جدید مشینری کے استعمال کے اقدام کوسراہا اور جدت سے لیس ٹیکنالوجی کی افادیت کے بارے میں ازبک حکام نے ان کو بریفنگ بھی دی۔
نگراں وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی نے کہاکہ کوشش کریں گے اس طرح کی جدید کاٹن فیکٹریاں پنجاب میں بھی لگائی جائیں، اس ضمن میں ازبک حکومت کے ساتھ اشتراک کار بڑھایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی اور وفد نے کپاس کے کھیتوں کا بھی معائنہ کیا اور بہترین کپاس کی فصل پر ازبک کے زرعی ماہرین کی کاوشوں کی تعریف کی۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ کپاس کی زیادہ پیداوار کے حصول کے لیے ازبکستان کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کیا جائے گا، ازبکستان پنجاب کی زراعت کو فائدہ پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور یہ دورہ زرعی شعبہ میں تعاون کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
ازبک حکام نے محسن نقوی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ازبکستان خطے میں کپاس پیدا کرنے والے سرفہرست ممالک میں سے ایک ہے اور ازبکستان میں کپاس کی فی ایکڑ اوسط پیداوار 700 سے 1800 کلوگرام ہے۔ ازبکستان کے موسمی حالات پنجاب کے موسمی حالات سے مطابقت بھی رکھتے ہیں۔
وزیر اعلٰی محسن نقوی کے ہمراہ ان کے وفد میں صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، عامر میر، چیف سیکرٹری پنجاب، میجر جنرل شاہد، سیکرٹری زراعت پنجاب، اپٹما کے مرکزی رہنماء گوہر اعجاز، فواد مختار، شاہدستار، نصیر اللہ بھی موجود ہیں۔