الیکشن شیڈول آئین اور قانون کے مطابق ہوگا، احسن اقبال

پیر 7 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر منصوبہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ساتویں مردم شماری کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے اب نئی حلقہ بندیوں کا آغاز ہوگا جس کے بعد نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن اگلے انتخابی شیڈول کااعلان کریں گے۔

لاہور میں پاکستان لیوراینڈ کڈنی انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام ہیپاٹائٹس کے خاتمہ پر منعقدہ ورکشاپ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئین پر عمل کرتے ہوئے مدت کو آئینی وقت میں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 9 اگست رات بارہ بجے حکومت ختم ہوگی اور نگراں حکومت آ جائے گی۔

احسن اقبال کے مطابق الیکشن کمیشن کی تیاری دیکھنا ہوگی کہ کب الیکشن کروانے ہیں اورحلقہ بندیاں کب تک مکمل کرلی جائیں گی۔ ’ساتویں مردم شماری کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے اب نئی حلقہ بندیوں کا آغاز ہوگا، نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن اگلے انتخابی شیڈول کااعلان کرے گی۔‘

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کسی کو پاکستان کے آئین سے فرار نہیں ہے، اس پر مکمل عمل کیاجائے گا۔ جو بھی الیکشن شیڈول ہوگا آئین اور قانون کے مطابق ہوگا۔

’مشترکہ مفادات کونسل کی صدارت کرتے ہوئے عمران خان فیصلہ کر چکے کہ اگلے الیکشن کے لیے ساتویں مردم شماری الیکشن کمیشن کے حوالے کی جائے۔‘

احسن اقبال نےگوادر یونیورسٹی کے حوالے سے خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ گوادر یونیورسٹی کا نام یونیورسٹی گوادر ہے اور وہ گوادر میں ہی ہے۔ اس کا سی پیک یا سرکاری فنڈنگ سے کوئی تعلق نہیں ہے پرائیویٹ ممبر بل ہے جو منظور نہیں ہوا۔

کرپشن کو دنیا بھر میں ناسور قرار دیتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف موثر ذریعہ شفافیت ہے، مسلم لیگ ن کا ریکارڈ  2013-18تک کا ریکارڈ عوام کے سامنے ہے پہلے دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا اور معیشت 6فیصد کی شرح نمو تک پہنچائی بجلی کے منصوبے شروع کیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp