سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپور اور دیگر نامزد ملزمان کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کیس اسلام آباد سے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی کی بینکنگ کورٹ کو دستاویزات موصول ہوئی ہیں جن کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت دیگر نامزد ملزمان کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس اسلام آباد سے بینک کورٹ کراچی منتقل ہو گیا ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی و اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید نے کراچی کی بینکنگ عدالت میں سینئر وکیل فاروق ایچ نائیک کے توسط سے درخواست دائر کی ہے جس میں انور مجید کا ای سی ایل سے نام نکالنے کی استدعا کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
انور مجید کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ میرے موکل کی عمر 82 سال ہوچکی ہے علاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں اس لیے ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کیسز نومبر 2019 میں کراچی سے نیب کورٹ اسلام آباد منتقل کیے گئے تھے، اب یہ کیسز واپس کراچی کی بینکنگ کورٹ میں منتقل ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور و دیگر ملزمان نامزد ہیں، ملزمان پر 4 ارب روپے کی منی لانڈرنگ سمیت متعدد الزامات عائد کیے گئے ہیں۔