بیرک نمبر 3 کے قیدی عمران خان کو جیل میں کیا کیا سہولیات حاصل ہیں؟

پیر 7 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اٹک جیل میں بیرک نمبر 3 کے قیدی ہیں، محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے عمران خان کو اٹک جیل میں بی کلاس دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

محکمہ جیل ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بھی اسی سیکیورٹی بیرک میں رکھا گیا ہے جہاں میاں نواز شریف کچھ عرصہ قید رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے رات کا کچھ حصہ سو کر بھی گزارا، وہ نماز تہجد کے لیے بھی اٹھے، انہوں نے نماز فجر ادا  کی اور جیل کا مہیا کردہ ناشتہ بھی کیا۔

 چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل مینول کے مطابق دیگر سہولیات تولیہ، ٹشو پیپر، منرل واٹر، عینک، تسبیح، گھڑی، کرسی، زمین پر سونے کے لیے میٹرس فراہم کیا گیا ہے۔

جیل میں خصوصی قیدیوں کو کیا سہولیات ملتی ہیں؟

کسی بھی جرم میں ملوث فرد کا ٹھکانہ آخر جیل ہوتا ہے جہاں کے اپنے قاعدے قانون ہیں، جیل پہنچتے ہی کئی افراد کو خصوصی سہولیات دی جاتی ہیں اور اسے کلاس اے، بی اور سی کہا جاتا ہے، آئیے جانتے ہیں کہ کلاس اے اور بی ملنے کا معیار کیا ہے؟ اور اس میں قیدی کو کیا سہولیات حاصل ہوتی ہیں؟

جیل ایکٹ 1978 کے مطابق پاکستان میں قید یوں کے لیے 3 درجے مختص ہیں جنہیں اے، بی اور سی کہا جاتا ہے جبکہ  اے اور بی کٹیگری کو خصوصی کلاس بھی کہا جاتا ہے۔

خصوصی کلاس گریڈ سولہ یا اس سے اوپر کے کسی بھی افسر، کمیشنڈ افسر، یا رکن پارلیمنٹ، وزراء، اور وزیراعظم کو دی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ایسے عام شہری جو سالانہ 6 لاکھ روپے سے زائد کا ٹیکس دیتے ہوں، وہ بھی خصوصی کلاس حاصل کر سکتے ہیں۔

اے کیٹیگری میں آنے والے قیدی کو ٹی وی، فریج اور واٹر کولر  (اے سی) بیڈ کی سہولت میسر ہوتی ہے جبکہ کام کاج کے لیے دو مشقتی بھی دیے جاتے ہیں۔  اے کلاس کا قیدی ہر 15 روز بعد اپنی پسند کا کھانا خود بنا بھی سکتا ہے گھر یا باہر سے بھی منگوا سکتا ہے اور سب سے اہم  اے اور بی کلاس کے قیدی اپنی مرضی کے کپڑے بھی پہن سکتے ہیں۔

بی کیٹیگری میں موجود قیدی کم سے کم گریجویٹ لیکن ساتھ ہی قید بامشقت کے مجرم بھی ہوتے ہیں۔ اس وجہ سے انہیں خصوصی کلاس کی دیگر سہولیات تو حاصل ہوتی ہیں لیکن مشقتی یا خدمت گار دستیاب نہیں ہوتا۔ اگر خصوصی اجازت مل جائے تو ایک خدمت گزار بی کلاس کے قیدی کو دیا جا سکتا ہے۔

تیسری کیٹیگری یعنی کیٹیگری سی، یہ عام ہوتی ہے جہاں تمام قیدیوں کو ایک ہی جگہ رکھا جاتا ہے۔ انہیں قیدی نمبر دیا جاتا ہے اور ان کے لیے قیدیوں والا لباس پہننا لازم ہے۔ اس گیکٹری میں شامل قیدیوں کے لیے ایک جیسا جیل کی طرف سے دیا جاتا ہے۔

سنگین جرائم والوں کو کوئی کیٹگیری نہیں دی جاتی

اگر ملزم عادی مجرم ہو، ریاست کے خلاف کسی کارروائی میں ملوث ہو، جاسوس ہو، کسی کالعدم یا دہشتگرد تنظیم کا رکن ہو یا پھر سیریل کلر ہو تو اسے کسی بھی صورت میں خصوصی کلاس نہیں دی جا سکتی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp