دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کا قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت بھیجنے کا فیصلہ تعمیری اور ذمہ دارانہ طرز عمل کا عکاس ہے جب کہ بھارت کا کھیلوں پر بھی رویہ متعصبانہ ہے۔
پیر کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستان ٹیم بھارت کے دورے پر روانہ ہو رہی ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان کے اس مسلسل موقف کا مظہر ہے کہ کھیلوں کو سیاست سے نتھی نہ کیا جائے۔
’پاکستان امید کرتا ہے کہ اس دورے کے دوران بھارتی حکومت پاکستانی ٹیم کو مطلوبہ سیکیورٹی مہیا کرے گی۔ سکیورٹی کے سلسلے میں پاکستان نے آئی سی سی اور بھارتی حکام کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے۔‘
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر پر بھارتی جابرانہ اور یک طرفہ قبضے کے 4 سال پورے ہونے پر پاکستان نے اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور پاکستان کشمیریوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
’بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ طور پر انتخابی حلقہ بندیوں اور جعلی ڈومیسائل کے اجراء کا عمل جاری رکھا۔ یہ عمل کشمیری اکثریت کو اقلیت میں بدلنے اور چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے اوران کی ،سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔‘
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 31 جولائی کو وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کی جس میں اسلاموفوبیاکے خلاف مشترکہ موقف اختیارکرنے پر زوردیا گیا۔ وزیرخارجہ نے قرآن پاک کی بے حرمتی اور اسلاموفوبیا کے بار بار ہونے والے واقعات کی مذمت کی۔
’وزیر خارجہ نے نفرت انگیزی کو کم کر کے پرامن بقائے باہمی کی بات کی۔ انہوں نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تناظر میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے سے ملاقات پر زور دیا۔‘
ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ چین کے نائب وزیراعظم اور صدر شی جن پنگ کے خصوصی نمائندے ہی لائی فینگ نے سی پیک کی 10 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر دونوں اطراف سے باہمی تعاون مزید بڑھانے، تجارت، سرمایہ کاری، سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ پروگرام کے تحت مزید منصوبوں کے لیے تعاون بڑھانے کے بارے میں بات کی گئی۔
’سی پیک کی وجہ سے پاکستان میں دولاکھ نوکریاں ملیں، آٹھ ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوئی، 932 کلومیٹر سڑکیں اور 820 کلومیٹر آپٹیکل فائبر کے منصوبے مکمل کئے گئے۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں زراعت کی ترقی کے لیے تعاون بڑھایا جائے گا۔‘
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ترک وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان میں پاکستان نیوی کے لیے جنگی بحری جہاز کا افتتاح کیا گیا جس کا آغاز 2018 میں ہوا تھا۔ یہ منصوبہ دونوں ملکوں کے مابین دفاعی پیداوار میں تعاون کا عکاس ہے۔