’ڈی کلاس‘ میں بھی رہنے کو تیار ہوں، غلامی قبول نہیں کروں گا، عمران خان کا جیل سے پیغام

پیر 7 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے اٹک جیل میں ان کے وکیل نے ملاقات کی ہے جس کے بعد نعیم پنجوتھا ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا مورال بلند ہے۔

نعیم پنجوتھا نے کہا کہ ساڑھے 12 بجے مجھے ملاقات کے لیے اندر جانے کی اجازت دی گئی جس کے بعد ایک گھنٹے تک مجھے ایک کمرے میں بٹھا دیا گیا، پھر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے کمرے میں ملاقات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ایک گھنٹہ 45 منٹ کی ملاقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کو چکی والے کمرے میں بند رکھا گیا ہے جہاں پر اوپن ’واش روم‘ ہے۔ کمرے میں دن کو مکھیاں اور رات کو کیڑے ہوتے ہیں۔

نعیم پنجوتھا کے مطابق عمران خان ڈی کلاس میں بھی رہنے کے لیے تیار ہیں، اور ان کا موقف ہے کہ وہ کبھی بھی غلامی قبول نہیں کریں گے۔ چاہے ساری زندگی جیل میں گزر جائے۔

عمران خان کے وکیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا موقف ہے کہ ان کے گھر کے اوپر تیسرا حملہ کیا گیا ہے اور اس دوران گھر کے دروازے توڑے گئے، بشریٰ بی بی کے بیڈروم کا دروازہ بھی توڑنے کی کوشش کی گئی۔

آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کرے گی

نعیم پنجوتھا کہ مطابق عمران خان کا کہنا ہے کہ آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کرے گی۔

’مجھے 9 مئی کی طرح ایک بار پھر اغوا کیا گیا، میں خود گرفتاری دینے کے لیے تیار تھا مگر اس کے باوجود کپڑا ڈال کر گاڑی میں بٹھایا گیا، پولیس کے پاس وارنٹ بھی نہیں تھے‘۔

عمران خان نے اپنے کارکنوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن احتجاج آپ کا حق ہے مگر کوئی افراتفری نہیں پھیلانی۔ لوگوں کے پاس اب دو ہی راستے ہیں کہ آزادی کی زندگی بسر کرنی ہے یا غلام رہنا ہے۔

نعیم پنجوتھا نے کہا ہے کہ ہم نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو درخواست دے دی ہے کہ عمران خان کو اے کلاس دی جائے اور اس کے علاوہ بشریٰ بی بی سمیت پی ٹی آئی قائدین کے ساتھ ملنے کی اجازت دی جائے۔

عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ جیل میں عبادت کر رہے ہیں اور قرآن پاک کی تلاوت کرتے ہیں، مجھے کوئی جتنی بھی تکلیفیں دے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

نعیم پنجوتھا نے اس موقع پر کہا کہ قانونی طور پر عمران خان کو اڈیالہ جیل لے جانا چاہیے تھا جہاں اے کلاس میں رکھا جاتا، اٹک جیل میں لے جا کر قانون کی خلاف ورزی کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp