ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے 50 اوورز پر مشتمل مینز ایشیا کپ 2023 کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، جس کے آدھے میچ پاکستان میں جب کہ پاکستان بھارت مقابلہ سری لنکا میں ہو گا۔
ایشین کرکٹ کونسل ( اے سی سی ) کی جانب سے جاری شیڈول کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رواں ماہ کے آخر میں مشترکہ طور پر ایشین کرکٹ کپ کے ایونٹ کی میزبانی اپنے ملک اور سری لنکا میں کرے گا۔
ایشین کرکٹ کونسل اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے مردوں کے ون ڈے ایشیا کپ 2023 کے شیڈول کا مشترکہ اعلان کیا ہے۔ 50 اوور کے فارمیٹ کا یہ ٹورنامنٹ 30 اگست سے 17 ستمبر تک ہوگا جس میں ایونٹ کے میزبان پاکستان میں 4 میچ ہوں گے جب کہ سری لنکا میں 9 میچ کھیلے جائیں گے۔
ایونٹ کے دوران فائنل سمیت تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوں گے۔ ٹاس پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن دوپہر 2 بجے ہوگا۔
پاکستان اپنا پہلا میچ ملتان میں نیپال کے ساتھ کھیلے گا
میزبان ٹیم ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ نیپال کے خلاف کھیلے گی جو اس بار اپنا پہلا ایشیا کپ کھیل رہی ہے۔ یہ میچ 30 اگست کو ملتان میں کھیلا جائے گا۔
13میچوں کے مقابلوں کے لیے 4 مقامات استعمال کیے جائیں گے۔ پاکستان میں ملتان اسٹیڈیم میں 30 اگست کو پاکستان اور نیپال کے درمیان ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ ہو گا، اس کے بعد باقی 3 میچوں کو لاہور منتقل کیا جائے گا۔ سری لنکا میں پہلے راؤنڈ کے 3 میچ کینڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جب کہ 5 سپر 4 مرحلے کے میچ اور 17 ستمبر کا فائنل کولمبو اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
سری لنکا 31 اگست کو کینڈی میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گا، جبکہ ٹورنامنٹ میں بھارت اپنا پہلا میچ 2 ستمبر کو کینڈی میں پاکستان کے خلاف کھیلے گا۔ اگر پاکستان اور بھارت سپر 4 مرحلے میں آگے بڑھتے ہیں تو وہ 10 ستمبر کو کولمبو میں دوبارہ آمنے سامنے ہوں گے۔
پاکستان میں 3 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے
ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ کی ملتان میں میزبانی کے بعد پاکستان میں باقی 3 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ 3 ستمبر کو بنگلہ دیش اور افغانستان آمنے سامنے ہوں گے، اس سے قبل افغانستان کا مقابلہ سری لنکا سے 5 ستمبر کو ہوگا۔ پاکستان کا 6 ستمبر کو سپر 4 میچ میں بنگلہ دیش سے مقابلہ ہو سکتا ہے۔
پاکستان اور بھارت کو بالترتیب گروپ اے اور گروپ اے 2 میں رکھا گیا
پاکستان اور بھارت کو بالترتیب A1گروپ اے اور گروپ اے 2 میں رکھا گیا ہے۔نیپال کو گروپ A میں تیسری ٹیم کے طور پر رکھا گیا ہے جب کہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کو گروپ بی میں بالترتیب بی 1 اور بی 2 میں رکھا گیا ہے، افغانستان اس میں تیسری ٹیم کے طور پر شامل ہے۔ اگر نیپال اور افغانستان اپنے اپنے گروپس سے سپر 4 مرحلے میں آگے بڑھتے ہیں، تو وہ پہلے راؤنڈ میں باہر ہونے والی سائیڈز کے گروپ میں شامل کیے جائیں گے۔
شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے کہا کہ ہم متوقع مردوں کے ون ڈے ایشیا کپ 2023 کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں، اس ایونٹ میں عمدہ کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
ایشیا کپ میں کھیل کے علاوہ محبت کے جذبات بھی دیکھنے کو ملیں گے: جے شاہ
ان کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ میں ایشیائی ممالک کے درمیان مقابلوں کے ساتھ ساتھ دوستی کے جذبات بھی دیکھنے کو ملیں گے ۔ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کی حیثیت سے، میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔
جے شاہ کا کہنا ہے کا ایشیا کپ پورے براعظم میں کرکٹ کے شائقین کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔یہ ثقافتوں، روایات اور کھیل کے لیے مشترکہ جذبات کا اظہار کرتا ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل اور ایشیا بھر کے کرکٹ سے محبت کرنے والوں کی جانب سے، میں بورڈ کے ساتھی اراکین، ٹیموں، منتظمین، اسپانسرز اور شائقین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس ایونٹ کو ممکن بنایا۔
ایشیا کپ کو خوشگوار بنانے کے لیے ہرممکن اقدام کریں گے: ذکا اشرف
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ، مسٹر ذکا اشرف نے اس موقع پر کہا کہ ایونٹ کے میزبان کے طور پر، اے سی سی کا ایشیا کپ 2023 کے شیڈول کا اعلان ہمیں اس بات کی مکمل وضاحت فراہم کرتا ہے کہ ہم اس ٹورنامنٹ کی منصوبہ بندی اور اس کا انتظام کیسے کریں تاکہ یہ شرکاء اور شائقین کے لیے خوشگوار ہو۔ ہمارے انتظامات اور مہمان نوازی کسی سے پیچھے نہیں ہو گی ہم اس کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ اس لیے خوش آئند ہے کہ پاکستان میں 15 سال کے طویل عرصے کے بعد اے سی سی ایشیا کپ کی واپسی ہوئی ہے۔ ہمارے شائقین نے طویل عرصے سے اس کا انتظار کیا ہے اور اس لیے ہم اسے مزید پر امن اور بہتر بنائیں گے تاکہ شائقین اور شرکاء آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی، جس کی پاکستان فروری 2025 میں میزبانی کرے گا کے لیے بھی تیاریاں کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نیپال کو ایشیا کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دینا چاہتا ہوں اور افغانستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے ساتھ اس کے مقابلوں کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ بنگلہ دیش اور سری لنکا اس سے قبل پاکستان میں کھیل چکے ہیں، یہ نیپال اور افغانستان کے لیے پہلا میچ ہو گا۔
ایشیا کپ کے میچوں کا شیڈول درج ذیل ہے
گروپ اسٹیج
30 اگست – پاکستان بمقابلہ نیپال ملتان دوپہر ڈھائی بجے
31 اگست – بنگلہ دیش بمقابلہ سری لنکا کینڈی میں دوپہر ڈھائی بجے
2 ستمبر – پاکستان بمقابلہ بھارت کینڈی میں دوپہر ڈھائی بجے
3ستمبر – بنگلہ دیش بمقابلہ افغانستان، لاہور دوپہر ڈھائی بجے
4 ستمبر – ہندوستان بمقابلہ نیپال کینڈی میں دوپہر ڈھائی بجے
5 ستمبر – افغانستان بمقابلہ سری لنکا، لاہور دوپہر ڈھائی بجے
سپر 4 مرحلہ
6 ستمبر – اے 1 بمقابلہ بی 2 لاہور میں دوپہر 2:30 بجے
9 ستمبر – بی 1 بمقابلہ بی 2 کولمبو میں دوپہر 2:30 بجے
10 ستمبر – اے 1 بمقابلہ اے 2 کولمبو میں دوپہر 2:30 بجے
12 ستمبر – کولمبو میں اے 2 بمقابلہ بی 1 دوپہر 2:30 بجے
14 ستمبر – کولمبو میں اے 1 بمقابلہ بی 1 دوپہر 2:30 بجے
15 ستمبر – اے 2 بمقابلہ بی 2 کولمبو میں دوپہر 2:30 بجے
17 ستمبر – فائنل کولمبو میں دوپہر ڈھائی بجے
پہلے راؤنڈ کے بعد ٹیموں کی پوزیشنوں سے قطع نظر بھارت گروپ اے 2 میں ہی رہے گا۔ اگر ان میں سے کوئی ایک (بھارت اور پاکستان) سپر 4 کے لیے کوالیفائی نہیں کرتا تو نیپال اپنی پوزیشن سنبھال لے گا۔
سری لنکا بی ون میں ہی رہے گا، بنگلہ دیش بی ٹو میں ہی رہے گا تاہم اگر ان میں سے کوئی بھی (سری لنکا اور بنگلہ دیش) سپر فور کے لیے کوالیفائی نہیں کرتا ہے تو افغانستان اپنی پوزیشن سنبھال لے گا۔