ہوا بازی کی دُنیاکا دلچسپ واقعہ، ریچھ کی وجہ سے بین الاقوامی پرواز تاخیر کا شکار

منگل 8 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

متحدہ عرب امارات کے دبئی ائیر پورٹ پر بین الاقوامی پرواز میں تاخیر کی وجہ ایک ریچھ بن گیا۔

عراقی ایئرویز کا طیارہ بغداد جانے والا تھا لیکن مبینہ طور پر ریچھ کی وجہ سے اس میں ایک گھنٹہ کی تاخیر ہوئی۔ دریں اثنا مسافروں کو جہاز سے اترنے کے لیے کہا گیا جبکہ ریچھ بھی دبئی میں طیارے سے فرار ہو گیا۔

ایئرلائن نے ایک معافی نامہ جاری کیا اور تفصیل سے بتایا کہ ریچھ دبئی ائیرپورٹ پہنچنے پر پنجرے سے فرار ہوگیا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی ایئرپورٹ جانے والی پرواز کے مسافروں سے تاخیر ہونے پر معافی مانگتی ہے۔

ایئرلائن کا کہنا تھا کہ دبئی ایئرپورٹ پہنچنے پر طیارے میں سوار ریچھ اپنی شپمنٹ کے لیے مخصوص پنجرے سے فرار ہو گیا اور اسے جانوروں کی فلاح و بہبود سے متعلق بین الاقوامی ہدایات کے مطابق لے جایا جا رہا تھا۔

ایئرلائن نے یہ نہیں بتایا کہ ریچھ کو کیوں منتقل کیا جا رہا ہے اور نہ ہی اس کے ٹھکانے کے بارے میں کوئی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ دبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے نے بھی اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بعد میں یہ انکشاف ہوا کہ پرواز میں دراصل 2 ریچھ سوار تھے۔ یہ واقعہ حکومت کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا کیونکہ عراق کے وزیر اعظم محمد شیعہ السوڈانی نے ملک کی وزارت ٹرانسپورٹ کو ریچھ کے فرار ہونے کی تحقیقات شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp