محسن نقوی کا ازبکستان کا دورہ، امام بخاری کے مزار پر حاضری

منگل 8 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ازبکستان کے شہر سمرقند میں واقع امام بخاریؒ کے مزارکا دورہ کیا۔ مزار پر حاضری دی اورخصوصی دعا کی۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بخارا میں مختلف اسپتالوں اور ٹوریسٹ پولیس اسٹیشن کا بھی وزٹ کیا اور وہاں دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی اور وفد کے ارکان کا امام بخاریؒ کے مزار پہنچنے پر مزار کے منتظم نے خیر مقدم کیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی اوروفد نے امام بخاریؒ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ محسن نقوی اور وفد کے دیگر ارکان نے پاکستان کی سالمیت، استحکام، امن اور ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔ مزار امام بخاریؒ کمپلیکس کے منتظم نے دعاکرائی اور خوش الحانی سے تلاوت قرآن پاک پیش کی۔

محسن نقوی اور وفد نے امام بخاری ؒ میموریل کمپلیکس کا دورہ کیا اور تزئین وآرائش کے کام کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ امام بخاری ؒ اور دیگر صوفیا و علماء ازبکستان اور پاکستان کا مشترکہ اثاثہ ہیں، امام بخاری ؒ میموریل کمپلیکس کا فن تعمیر دیکھ کر دلی خوشی ہوئی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ازبک طرز تعمیر کوسراہا اورخوبصورت ٹائلوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بخارا میں اسپتالوں کا دورہ کیا اورمریضوں کے لیے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی اور وفد نے ازبک اسپتالوں میں استقبالیہ ڈیسک، ریفرل سسٹم اورمختلف شعبوں کا مشاہدہ کیا اورچائلڈ ایمرجنسی،شعبہ ڈائیگناسٹک، میڈیکل وارڈ اور آئی سی یو کا وزٹ کیا، طبی آلات اور جدید بیڈزدیکھے۔

محسن نقوی نے میڈیکل وارڈز، ڈینٹل کلینک اور شعبہ امراض قلب میں علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں معلومات لیں۔ وزیراعلیٰ نے جدید ترین طبی آلات سے مزین ڈیپارٹمنٹ اور کارڈیک وآئی سی یو میں طریقہ علاج کا مشاہدہ کیا اور ڈاکٹرز کے لیے لائبریری کے جدید نظام، ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ٹریننگ کے لیے سیمینار روم کا معائنہ کیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈاکٹرو ں اور طبی عملے سے گفتگو کی اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے ازبک ڈاکٹروں اور عملے کے جذبے کو سراہا۔ محسن نقوی کو اسپتال کمپلیکس کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ ازبکستان کے اسپتالوں میں مریضوں کے لیے ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتیں دیکھ کر متاثرہوا ہوں۔ ہم پنجاب میں بھی مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں دینے کے لیے کوشاں ہیں۔ انشااللہ پنجاب کے اسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر سے بہتر بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی اور وفدکے ارکان نے بخارا میں ٹوریسٹ پولیس اسٹیشن کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے ٹوریسٹ پولیس اسٹیشن کے مختلف سیکشن کا معائنہ کیا اور سیاحوں کی سہولت کے لیے وضع کردہ نظام کا جائزہ لیا۔

وز یراعلیٰ محسن نقوی نے ٹوریسٹ پولیس اسٹیشن میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے سسٹم کا مشاہدہ کیا اور جدید نظام کے ذریعے مانیٹرنگ کے عمل کی تعریف کی۔

محسن نقوی نے ٹوریسٹ پولیس اسٹیشن میں سیاحوں کی سہولت اور رہنما ئی کے لیے قائم استقبالیہ ڈیسک کا بھی معائنہ کیا۔ وفد کے ارکان کو نقشے کی مدد سے سیاحتی مقامات اور وہاں فراہم کردہ سہولتوں کے بارے آگاہ کیا گیا۔

ازبک ٹوریسٹ پولیس کے اعلیٰ حکام نے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور وفد کے ارکان کوسیاحوں کی ہیلپ کے طریقہ کاراور سلک روٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ سیاحوں کی سہولت اور رہنمائی کے لیے ازبک ٹوریسٹ پولیس کا نظام جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔ پنجاب کے سیاحتی مقامات پر ازبک ٹوریسٹ پولیس کی طرز کا موثر نظام متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔ ٹوریسٹ پولیس سے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو بہترین اورمحفوظ ماحول میسر آئے گا۔

اس موقع پر صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، عامر میر، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکریٹری زراعت، اپٹما کے گروپ لیڈرگوہر اعجاز، فواد مختار، شاہد ستار اور وفد کے دیگر ارکان بھی ہمراہ تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp