عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا سے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی 8 گھنٹے تک تفتیش

منگل 8 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا سے 8 گھنٹے تک تفتیش کی ہے جس کے بعد انہیں وہاں سے جانے کی اجازت دے دی گئی۔

اس سے قبل یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھا کو ایف آئی اے نے حراست میں لے لیا لیا ہے۔

شیر افضل خان مروت نے بھی نعیم پنجوتھا کو حراست میں لیے جانے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ ابھی باضابطہ طور پر نعیم پنجوتھا کو گرفتار کرنے کی تصدیق نہیں کی گئی۔

دوسری جانب نعیم حیدر پنجوتھا نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے سامنے پیشی کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجھے 8 گھنٹے تک حبس بے جا میں رکھا گیا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کے خلاف فیس بک پوسٹ لگانے پر نعیم پنجوتھا کو ایف آئی اے کی جانب سے نوٹس بھیجا گیا تھا۔

نعیم حیدر پنجوتھا کو ایف آئی اے سائبر کرائم ٹیم کے سامنے 8 اگست کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔ نعیم حیدر پنجوتھا پیشی پر گئے تھے جہاں انہیں مبینہ طور پر حراست میں لے لیا گیا ہے۔

نعیم حیدر پنجوتھا نے گزشتہ روز عمران خان سے جیل میں ملاقات کی تھی۔ جس کے بعد انہوں نے عمران خان کا پیغام میڈیا کے سامنے رکھتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کا مورال بلند ہے اور وہ ہر طرح کے حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp